فلسطینی حکومت نے عالمی عدالت میں اسرائیل کیخلاف مقدمہ کرنے کا فیصلہ کر لیا

فلسطینی حکومت نے عالمی عدالت میں اسرائیل کیخلاف مقدمہ کرنے کا فیصلہ کر لیا

غزہ: فلسطینی حکومت نے عالمی عدالت میں اسرائیل کے خلاف مقدمہ کرنے کا فیصلہ کر لیا ، فلسطینی حکومت اسرائیل کے خلاف جنگی جرائم کی عالمی عدالت آئی سی سی میں جرائم کا مقدمہ دائر کرے گی ۔

گزشتہ روز جنگ بندی کے اعلان کے باوجود اسرائیلی فوج نے مسجدِ اقصیٰ سے ملحقہ صحن میں دوبارہ کارروائی کی ، اسرائیلی اہلکاروں نے فلسطینیوں پر آنسو گیس کی شیلنگ کی اور ربڑ کی گولیاں فائر کیں ، اسرائیلی اہلکاروں نے صحافیوں پر بھی تشدد کیا ہے ، اسرائیلی فورسز کی کارروائی کے باعث بھگدڑ مچ گئی ۔

دوسری جانب نیویارک میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اور فلسیطن کے حل کیلئے عالمی طاقتوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا ۔

انہوں نے مزید کہا کہ غزہ میں جنگ بندی کیلئے کوششوں پر کامیابی ملی لیکن یہ ناکافی ہے ، فلسطینیوں کیخلاف اسرائیلی جارحیت کا مستقل حل نکالا جانا چاہیے کیونکہ فلسطینی امن کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں ۔

واضح رہے کہ امریکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا تھا کہ اسرائیل میڈیا میں قریبی تعلقات ہونے کے باوجود بھی میڈیا کی جنگ ہار رہا ہے ۔ اُن کا کہنا تھا کہ اسرائیل کا میڈیا پر بہت اثر رسوخ ہے اور یہی وجہ ہے اسرائیل کو میڈیا پر زیادہ کوریج دی جاتی ہے ۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ فلسطین کی طرح کشمیر میں بھی حق خودارادیت کی ضرورت ہے ۔ کسی صورت کشمیر پر سودا نہیں کیا جائے گا ، پاکستانی بھی پڑوسی کے ساتھ امن سے رہنا چاہتے ہیں ۔