ملک بھر میں سیاحت کے شعبے کو 24 مئی سے ایس او پیز ساتھ کھولنے کا فیصلہ 

ملک بھر میں سیاحت کے شعبے کو 24 مئی سے ایس او پیز ساتھ کھولنے کا فیصلہ 
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے ملک بھر میں سیاحت کے شعبے کو 24 مئی سے ایس او پیز کے تحت کھولنے کا فیصلہ کر لیا ہے اور اس حوالے سے اعلامیہ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق این سی او سی کی جانب سے جاری اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ سیاحت کے شعبے کو 24 مئی سے ایس او پیز کے ساتھ کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس ضمن میں تمام ہوٹل اور گیسٹ ہاؤسز سیاحوں سے کورونا منفی رپورٹ طلب کرنے کے پابند ہوں گے۔
اعلامیہ کے مطابق کہ ہوٹل اور گیسٹ ہاؤسز سیاحوں سے شناختی کارڈ طلب کرنے کے بھی پابند ہیں، جو افراد ویکسین لگوا چکے وہ ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ لازمی جمع کروائیں گے۔ 50 سال اور زائد عمر کے افراد کیلئے بغیر ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ کمرہ بک نہیں ہوگا، یکم جولائی کے بعد ہوٹل کا عملہ 40 سال اور زائد عمر افراد کو بھی بغیر ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ کمرہ نہیں دے گا۔ 
این سی او سی کے مطابق ایک کمرہ ایک ہی شخص یا دو بڑے افراد اور بچوں کیلئے بک کیا جا سکتا ہے، ٹور آپریٹرز اور ہوٹل انتظامیہ تمام مسافروں کا ڈیٹا فراہم کرنے کے پابند ہوں گے، غیرملکی سیاحوں کیلئے ٹیسٹ، قرنطینہ اور ویکسی نیشن پالیسی پر عملدرآمد لازمی ہو گا۔
این سی او سی کے مطابق سیاحتی مقامات کے داخلی راستوں پر سیاحوں سے ہیلتھ ڈیکلریشن فارم پر کرائے جائیں گے، سیاحتی مقامات پر جانے سے پہلے مسافر ماسک اور سینی ٹائزر کی مناسب تعداد یقینی بنائیں گے جبکہ متعلقہ اداروں کو ایس او پیز پر عمل در آمد کیلئے جرمانے اور دیگر سزائیں یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی ہے۔