ملک میں بڑھتی معاشی سرگرمیاں کامیاب اقتصادی پالیسی کی عکاس ہیں، حماد اظہر

ملک میں بڑھتی معاشی سرگرمیاں کامیاب اقتصادی پالیسی کی عکاس ہیں، حماد اظہر
کیپشن: ملک میں بڑھتی معاشی سرگرمیاں کامیاب اقتصادی پالیسی کی عکاس ہیں، حماد اظہر
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد: وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے کہا ہے کہ ملک میں بڑھتی معاشی سرگرمیاں کامیاب اقتصادی پالیسی کی عکاس ہیں اور یہ مسلم لیگ (ن) والی ایک سال کی سرخی والی ترقی نہیں ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر توانائی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)کی حکومت ریکارڈ خسارے چھوڑ کر گئی اور ملک میں بڑھتی معاشی سرگرمیاں کامیاب اقتصادی پالیسی کی عکاس ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں سیمنٹ کی پیداوارمیں17فیصد ریکارڈ اضافہ ہوا۔ رواں مالی سال کےپہلے9ماہ کے دوران بڑی صنعتوں میں ترقی کی شرح 9 فیصد رہی، زرمبادلہ کے ذخائر بڑھ کر 23 ارب ڈالر کی سطح پر پہنچ چکے ہیں اور کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 250 ملین ڈالر سرپلس ہے۔

حماد اظہر نے کہا کہ یہ مسلم لیگ (ن) والی ایک سال کی سرخی والی ترقی نہیں ہے، ایکسپورٹ میں اضافہ ہورہا ہے، یہ عارضی گروتھ نہیں ہے، معاشی ترقی کی رفتاربڑھنے سے اپوزیشن کو مایوس نہیں ہونا چاہیے اور آنے والے دنوں میں معاشی ترقی میں مزید تیزی آئے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ کے آخری سال میں مصنوعی طریقے سے معیشت کو سنبھالا دیا گیا تھا اور انہوں نے سٹیٹ بینک سے نوٹ چھاپ چھاپ کر 7 ہزارارب کا قرضہ لیا تھا، ہماری حکومت نے آئی ایم ایف معاہدے کے تحت سٹیٹ بینک سے کوئی قرضہ نہیں لیا اور اگلے مالی سال کے دوران ملکی معیشت میں مزید تیزی آئے گی جبکہ یہ اسحاق ڈار کے نمبرز نہیں بلکہ حقائق کی بنیاد پر ہیں۔