تمام ٹیمیں ٹی 20 ورلڈکپ کیلئے تیار، پاکستان کو بھی سکواڈ فائنل کرنا چاہئے: وسیم اکرم

تمام ٹیمیں ٹی 20 ورلڈکپ کیلئے تیار، پاکستان کو بھی سکواڈ فائنل کرنا چاہئے: وسیم اکرم
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز کراچی کنگز کے صدر وسیم اکرم نے کہا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈ کپ کیلئے پاکستان کے علاوہ تمام ٹیمیں تیار ہیں، اب قومی ٹیم کو بھی ورلڈ کپ کیلئے سکواڈ فائنل کر لینا چاہئے۔ 
تفصیلات کے مطابق نجی خبر رساں ادارے کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وسیم اکرم نے کہا کہ ورلڈ کپ قریب آ چکا ہے لیکن قومی ٹیم ابھی تک تجربات کررہی ہے، ورلڈ کپ جیتنا ہے تو میچ ونر کھلاڑیوں کو ساتھ لے کر جانا ہوگا، ورلڈ کپ کیلئے بھارت، انگلینڈ، نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں ٹاپ فور میں ہوں گی۔ 
وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ بابر اعظم ابھی نوجوان ہے اور تیزی سے کپتانی سیکھ رہا ہے جبکہ وکٹ کیپر بلے باز رضوان بھی اچھا کھیل رہا ہے مگر وہ ریگولر اوپنر نہیں، نوجوان کھلاڑی کو چھٹے نمبر پر بیٹنگ کرانا نقصان دہ ہے۔
پی ایس ایل سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کراچی کنگز کیلئے وہ کھلاڑی مل گئے ہیں جن کی سکواڈ میں ضرورت تھی، ہم 2020 میں چیمپین ضرور بنے مگر اب نیا ٹورنامنٹ ہے، ہمارے پاس نمبر ون بلے باز بابر اعظم ہے، کپتان اچھا ہے اور باؤلنگ میں بھی محمد عامر جیسا فاسٹ باؤلر ہے۔ 
انہوں نے کہا کہ ابوظہبی میں موسم گرم ہے جس کے باعث کھلاڑیوں کو مشکلات ہوں گی لیکن چونکہ تمام کھلاڑی پروفیشنل ہیں اس لئے گرم موسم سے جلد ہم آہنگ ہوجائیں گے، کراچی کنگز انتظامیہ مل کر ٹیم کی بہتری کیلئے فیصلے کرتی ہے، ہم نے ایسے کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جو ٹیم کی ضرورت تھے، ہمارے پاس فاسٹ، سپن باؤلنگ کا بہترین توازن ہے۔