جہانگیر ترین گروپ کے وفد نے وزیراعلیٰ پنجاب پر اعتماد کا اظہار کیا: فردوس عاشق اعوان

جہانگیر ترین گروپ کے وفد نے وزیراعلیٰ پنجاب پر اعتماد کا اظہار کیا: فردوس عاشق اعوان
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ جہانگیر ترین گروپ کے وفد نے ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب پر اعتماد کا اظہار کیا۔ 
تفصیلات کے مطابق فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ترین گروپ کے ایک رکن کے تحفظات پر جہانگیر ترین کو خود وضاحت کرنی چاہیے تھی جبکہ جہانگیر ترین گروپ کے وفد نے ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب پر اعتماد کا اظہار کیا، کوئی ڈیڈ لائن یا دوسرا بیانیہ نہیں تھا۔ 
واضح رہے کہ نجی خبر رساں ادارے کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ترین گروپ کے رکن اسمبلی نذیر چوہان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کو کارکردگی دکھانے کیلئے ایک مہینہ دیا ہے، اگر وہ ڈیلیور نہ کرسکے تو ہمارا گروپ جو کرے گا وہ سب دیکھیں گے، ڈلیور کرنے کا کہتے کہتے تھک چکے ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اپنے ایک بیان کہا تھا کہ جہانگیر ترین گروپ کے ارکان نے عمران خان پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے تمام معاملات مل بیٹھ کر اور تنظیمی طریقے سے مسائل حل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جہانگیر ترین ریلیف مانگیں گے نہ عمران خان ایسا کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ جہانگیرترین کے حوالے سے بنائی گئی کمیٹی کی رپورٹ کا انتظار ہے، باہمی مسائل کو مل بیٹھ کر حل کریں گے، ہم سب ایک خاندان کی طرح ہیں، ان اراکین نے وزیراعظم پر اعتماد کا اظہار کیا ہے یقینا اب اپوزیشن کی لڈیاں ختم ہو جائیں گی۔