"یوم تکریم شہداء پاکستان" جمعرات کو منایا جائے گا

سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد: حکومت کی جانب سے شہدا پاکستان کی بے لوث قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے 25 مئی کو’’یوم تکریم شہداء پاکستان“ منانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

حکومت کا کہناہے کہ اس دن کو منانے کا مقصد شہداء کی لازوال قربانیوں کی یاد تازہ کرنا ہے، اس دن کے ذریعے پاکستانی قوم کو پیغام دینا ہےکہ شہداء، اُن کی فیملیز اور یادگاروں کا احترام ہر پاکستانی کا فخر ہے۔ یومِ تکریمِ شہداءِ نفرتوں اور تلخیوں کو بھلا کر محبت، امن، امید، رواداری اور اپنے شہداء سے والہانہ محبت کا پیغام دے گا۔

یومِ تکریمِ شہداءِ پاکستان میں ملک بھر میں ہونے والی تقریبات کو نمایاں انداز میں پیش کیا جائے گا تاکہ شہداءِ پاکستان کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا جاسکے۔

حکومت کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کے 25 مئی کی اس خصوصی تقریب میں ملک بھر میں شہداء کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی اور دعائیں ہوں گی، جبکہ افواجِ پاکستان، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی یادگارِ شہدا پر سلامی دی جائے گی۔

ان خصوصی تقریبات کا انعقاد جی ایچ کیو، ایئر اور نیول ہیڈکوارٹرز اور دیگر متعدد یادگار شہداء پر بھی ہو گا، جبکہ صوبائی دارالخلافہ، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی یادگار شہداء پر تقریبات ہوں گی۔

یاد رہے کہ 9 مئی کو  عمران خان کی گرفتاری کے بعد احتجاجی مظاہروں کی آڑ میں مشتعل افراد نے پاک فوج شہداء کے مجسمے توڑ کران کی بے حرمتی کی تھی اور لاہور میں جی ایچ کیو سمیت جناح ہاؤس پر بھی  دھاوا بولا تھا۔

مصنف کے بارے میں