موسم کروٹ بدلنے کو تیار، شدید گرمی کے بعد بارش برسانے والا سسٹم ملک میں داخل

موسم کروٹ بدلنے کو تیار، شدید گرمی کے بعد بارش برسانے والا سسٹم ملک میں داخل
سورس: فائل فوٹو

خیبر پختونخوا: بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے 26 مئی تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ آج سے مغربی ہوائیں ملک کے بالائی اور مغربی علاقوں میں داخل ہو گئی ہیں، شدید گرمی کے بعد بارش برسانے والا سسٹم آج سے ملک میں داخل ہوگیا ہے۔

پی ڈی ایم اے کی جانب سے الرٹ جاری کیا گیا ہے کہ آج سے لے کر 26مئی تک اسلام آباد، پنجاب، کے پی، کشمیر، بلوچستان اور گلگت بلتستان میں بارشیں متوقع ہیں، اس کے علاوہ لاہور، ملتان، ساہیوال، گوجرانوالہ، راولپنڈی اور دیگر شہروں میں بادل برسیں گے۔

 خیبرپختونخوا میں آج شام سےبارشوں کا نیاسلسلہ شروع ہونے کاامکان ہے۔  پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ اورمتعلقہ اداروں کو پیشگی اقدامات اٹھانے کی ہدایات جاری کردی۔

پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کردہ مراسلہ میں کہاگیاہے کہ انتظامیہ اسپیل کے لیے خصوصی منصوبہ بندی کرے، حساس علاقوں میں صوبائی اور قومی شاہراہوں پرمسافروں کو پیشگی خبردار کیا جائے، متعلقہ حکام بوقت ضرورت لوگوں کومحفوظ انتظار گاہوں میں منتقل کریں۔ 

مراسلے میں انتظامیہ کو ہدایات جاری کرتے ہوئے مزید کہا گیا کہ اسپیل میں ہنگامی خدمات کے اہلکاروں کی دستیابی یقینی بنائیں۔ طبی عملے اور ادویات سمیت بنیادی اشیاء کی دستیابی کو بھی یقینی بنایا جائے۔

پی ڈی ایم اے کی جانب سے مزید کہا گیا کہ حساس علاقوں کے کا شتکاروں اور سیاحوں کو موسمی صورت حال سے آگاہ کیاجائے۔ سیاح دوران سفر خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ 

مراسلے میں ہدایت کی گئی کہ صوبائی ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) اور صوبائی ایمرجنسی آپریشن سینٹر (پی ای او سی) کو صورتحال کے بارے میں بروقت  آگاہ کیا جائے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے  کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سنٹر مکمل طور پر فعال ہے، عوام معلومات اور رہنمائی کے لیے ہماری ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔

مصنف کے بارے میں