علی ظفر 'ڈیئر زندگی'میں ایک گڈ لکنگ میوزیشن بنیں گے

فلم میں نے ایسا کردار ادا کیا ہے جو حقیقت میں میری ذات سے کافی مختلف ہے

علی ظفر 'ڈیئر زندگی'میں ایک گڈ لکنگ میوزیشن بنیں گے

لاہور : انٹرویو دیتے ہوئے اداکار اور گلوکار علی ظفر نے بولی وڈ فلم 'ڈیئر زندگی' میں اپنے کردار کے حوالے سے بات کی۔اس حوالے سے علی ظفر کا کہنا تھا کہ 'اس فلم میں، میں نے ایسا کردار ادا کیا ہے جو حقیقت میں میری ذات سے کافی مختلف ہے، میں ایک گڈ لکنگ میوزیشن بنا ہوں، جس سے عالیہ ایک رات ملتی ہے، اور کہانی کی شروعات یہی سے ہوتی ہے'۔فلم 'ڈیئر زندگی' میں عالیہ بھٹ اور شاہ رخ خان مرکزی کردار ادا کرتے نظر آئیں گے، اس فلم کی ہدایات گوری شندے نے دی۔

36 سالہ علی ظفر نے مزید کہا کہ 'مجھے آج بھی وہ دن یاد ہے جن میں گوری شندے کی ہدایات میں بنی فلم انگلش ونگلش دیکھ رہا تھا اور میں نے خود سے کہا تھا کہ میں اس ہدایت کارہ کے ساتھ ایک دن ضرور کام کرنا چاہوں گا، اور ایسا ہو بھی گیا جس کے لیے میں خود کو خوش قسمت سمجھتا ہوں'۔علی ظفر صرف اس فلم کی ہدایت کارہ سے ہی نہیں بلکہ بقیہ کاسٹ سے بھی کافی متاثر نظر آئے۔ان کے مطابق 'عالیہ ایک بہت ہی بہترین لڑکی ہیں، مجھے ان کے ساتھ کام کرکے بے حد مزہ آیا، وہ بہت پروفیشنل ہیں، شاہ رخ تو شاہ رخ ہی ہیں، ان کے بارے میں کوئی کیا کہہ سکتا ہے'۔اگر ہندوستان میں علی ظفر کے علاوہ کسی اور پاکستانی اداکار نے اتنی مقبولیت حاصل کی ہوگی، تو وہ کوئی اور نہیں فواد خان ہیں، اور یہی واجہ ہے کہ ان کے مداحوں کا ماننا ہے کہ یہ دونوں اداکار ایک دوسرے کے مدمقابل ہیں، تاہم علی ظفر نے ان باتوں کو بے بنیاد ٹھہرا دیا۔

علی ظفر نے کہا کہ 'ہم ایک دوسرے کے بہت اچھے دوست ہیں، ہم دونوں کے درمیان کبھی مقابلے جیسی کوئی بات محسوس نہیں ہوئی، میں نے ہمیشہ فواد خان اور ان کی فلموں کو سپورٹ کیا، وہ ان لوگوں میں سے ہیں جن سے میں ہمیشہ متاثر رہا، وہ مجھ سے بہت زیادہ صلاحیت مند ہیں، ہم دونوں ایک ساتھ کسی فلم میں ضرور جلوہ گر ہوں گے'۔علی ظفر کو اپنی بولی وڈ فلم 'ڈیئر زندگی' کی ریلیز کے موقع پر ہندوستانی میں موجود نہ ہونے کا بھی کوئی افسوس نہیں۔علی ظفر اس وقت اپنی چوتھی البم پر کام کررہے ہیں، جس کے بعد ہدایت کار احسن رحیم کی فلم میں کام کرتے نظر آئیں گے۔

مصنف کے بارے میں