اب اپنی سیلفی سے کار کا دروازہ کھولیں

بہت جلد کار کی چابیاں گھر بھولنے کے باوجود بھی آپ اپنے فون کی سیلفی سے کار کھول سکتے ہیں کیونکہ لینڈ روور بنانے والی کمپنی نے سیلفی کے ذریعے چہرہ شناخت کرنے والی ایسی ٹیکنالوجی وضع کرلی ہے جو صرف آپ کی سیلفی پر ہی کارلاک کھول سکتی ہے۔

اب اپنی سیلفی سے کار کا دروازہ کھولیں

لندن: بہت جلد کار کی چابیاں گھر بھولنے کے باوجود بھی آپ اپنے فون کی سیلفی سے کار کھول سکتے ہیں کیونکہ لینڈ روور بنانے والی کمپنی نے سیلفی کے ذریعے چہرہ شناخت کرنے والی ایسی ٹیکنالوجی وضع کرلی ہے جو صرف آپ کی سیلفی پر ہی کارلاک کھول سکتی ہے۔

جیگوار کمپنی کی جانب سے ایک پیٹنٹ درخواست دائر کی گئی ہے جس میں کار کی کھڑکیوں پر ویڈیو اور تصویری کیمرے لگے ہوں گے جو قریب آنے والے شخص کی تصویر لیتے ہوئے اسے اپنے نظام سے ملا کر دیکھیں گے کہ آیا یہ کار کا مالک ہے یا کوئی اور۔ اگر اس شخص کی تصویر ڈیٹا بیس کی تصویر سے مل گئی تو دروازہ ازخود کھل جاتا ہے۔

اس سے چابی ڈھونڈنے اور لگانے میں وقت کی بچت ہوگی اور شاپنگ کے وقت ہاتھوں میں موجود سامان اور بیگ رکھنے والے افراد اشارے سے دروازے کھول سکیں گے۔ پیٹنٹ میں اس کی تفصیل بھی بنائی گئی ہے جس کے مطابق گاڑی کے دونوں جانب ایک ایک کیمرہ اس انداز سے لگا ہوگا کہ وہ قریب آنے والے شخص کو دیکھ سکے۔ گاڑی کے مالک کو پہلے اپنی تصاویر اور ویڈیو کو ڈیٹابیس میں شامل کرکے اپنی شناخت کرانا ہوگی تاکہ اسے بطور حوالہ جاتی ویڈیو یا تصویر کے طور پر استعمال کیا جاسکے۔ اس کے بعد اگر کوئی کار کے قریب آتا ہے تو کار میں لگے کیمرے اس شخص کی تصاویر لے کر اس کا جائزہ لیتے رہیں گے تصویر میچ ہونے پر کار کا دروازہ ازخود کھل جائے گا تاہم جیگوار کمپنی نے کہا ہے کہ اس کے ساتھ ساتھ وائرلیس سے کار کھلنے والا نظام بھی برقرار رہے گا تاکہ کار کو مزید محفوظ بنایا جاسکے۔

کمپنی کے مطابق کار میں اسٹیریو اسکوپِک کیمرے لگائے جائیں گے جو کسی شخص کی تھری ڈی تصویر لے کر جائزہ لیں گے کہ وہ کار سے کتنا دور ہے اور کیسا دکھائی دیتا ہے اور کارکے دروازے ازخود کھل جائیں گے۔ اگر کار کو خاندان کے کئی لوگ چلاتے ہیں تو ایک سے زائد ڈرائیور کو شناخت کرنے کی سہولت بھی موجود ہے۔ گاڑی فروخت کرنے کی صورت میں مرکزی ڈیٹا بیس سے پرانے مالک کی تصویر و تفصیل ڈیلیٹ کرکے نئے مالک کے کوائف شامل کرنا بھی آسان ہوگا۔