پاکستان کیلئے پہلا ڈرون بنانے والی کمپنی نے اب ایک اور جدید ترین ڈرون طیارہ متعارف کروادیا

نیا ڈرون طیارہ فضاءمیں 15گھنٹے تک پرواز کرتے ہوئے ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی سمیت دیگر مقاصد کیلئے استعمال کیا جا سکتا ہے

پاکستان کیلئے پہلا ڈرون بنانے والی کمپنی نے اب ایک اور جدید ترین ڈرون طیارہ متعارف کروادیا

کراچی :  پاکستان کیلئے پہلا ڈرون بنانے والی کمپنی نے اب ایک اور جدید ترین ڈرون طیارہ تیار کر لیا ہے ۔ پاکستان کیلئے براق نامی پہلا ڈرون تیار کرنے والی پرائیویٹ پاکستانی کمپنی نے اب پہلے سے بھی جدید ڈرون ٹیکنالوجی متعارف کر دی ہے ،نیا ڈرون طیارہ فضاءمیں 15گھنٹے تک پرواز کرتے ہوئے ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی سمیت دیگر مقاصد کیلئے استعمال کیا جا سکتا ہے ۔”15سے 20سال کی ریسرچ کے بعد پایہ تکمیل کو پہنچنے والے اس منفرد طیارے کو کراچی کے علاقے کورنگی میں تیار کیا جائے گا “۔

چیف ایگزیکٹیو آفیسر راجہ صابری خان نے بتایا کہ فضاءمیں طویل دورانیے تک فضائی نگرانی کرنے والا یہ ڈرون طیارہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے راستے ہونے والی تجارت کو محفوظ بنانے کیلئے بھی استعمال میں لایا جا سکے گا ۔ ریموٹ کنٹرول سے آپریٹ ہونے والے اس شاہکار ڈرون طیارے کوکراچی میں جاری دفاعی اسلحے کی بین الاقوامی نمائش آئیڈیا ز 2016ءمیں ڈسپلے کیلئے رکھا گیا ہے ۔

راجہ صابری خان نے کہا کہ طیارہ بغیر کسی وقفے کے 15گھنٹوں تک پرواز کر سکتا ہے اور رات کے اوقات میں بھی پرواز کے قابل ہے جو اس کی منفرد خصوصیات میں سے ایک ہے جبکہ یہ خوبیاں اس قسم کے کسی دوسرے نظام میں موجود نہیں ہے ۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ اس جدید ڈرون طیارے کی قیمت 4X4کی جیپ کی مالیت سے زیادہ نہیں ہے انہوں نے مزید بتایا کہ انکی کمپنی اس قسم کا فوجی اور سولین نگرانی کے نظام کو دنیا بھر میں برآمد کرتی ہے جن میں مغربی ممالک کی تعداد زیادہ ہے ۔

مصنف کے بارے میں