تحریک انصاف سے نہیں پیپلز پارٹی سے گلہ ہے، نواز شریف

تحریک انصاف سے نہیں پیپلز پارٹی سے گلہ ہے، نواز شریف

اسلام آباد: نواز شریف نے احتساب عدالت میں پیشی کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا گزشتہ روز ثابت ہوا کے پاکستان کے اندر جمہوریت پسند لوگ موجود ہیں جو کہ عوام کے مینڈیٹ کی عزت کرتے ہیں اور یہ ایک اطمینان بخش بات ہے کے مقدس ایوان نے اصولوں پر فیصلہ کیا جس کے بعد ثابت ہوتا ہے کہ اب پارلیمنٹ کسی آمر کے قانون کو تحفظ دینے کے لئے تیار نہیں ۔

نواز شریف نے اتحادی جماعتوں کو دل سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ جمہوریت پسند جماعتوں نے کالے قانون کو مسترد کر دیا کیونکہ جمہوریت کے راستے میں روڑے اٹکانے والوں کی آنکھیں کھولنے کے لئے یہ کافی ہے۔ نواز شریف نے کہا کہ میرے لیے تکلیف دہ بات یہ ہے کہ پیپلز پارٹی نے گزشتہ روز آمروں کے کالے قانون کی حمایت کی جو کہ ان کے جمہوری رویے پر بہت بڑا سوال ہے کیونکہ پی پی نے اس حوالے سے بڑی قربانیاں دی ہیں جن کو اتنی جلدی فراموش نہیں کیا جا سکتا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا تحریک انصاف سے تو کوئی گلہ نہیں کیونکہ ان کے قریب سے بھی جمہوریت نہیں گزری اور وہ ایک غیر جمہوری پارٹی ہے۔

نواز شریف نے ایک سوال کے جواب میں سابق صدر پرویز مشرف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ 1999 میں مارشل لاء لگانے والا شخص آج کہاں ہے اس کی یہ حالت ہے کے اس کو آج ملک میں گھسنے بھی نہیں دیا جا رہا ہے اسے ووٹ کی تبدیلی کی طاقت کہتے ہیں اور یہ تبدیلی 2018 کے انتخابات میں بھی نظر آئے گی۔

 

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں