شاہ سلمان اور روسی صدر کا ٹیلی فونک رابطہ، مسئلہ شام پر تبادلہ خیال

شاہ سلمان اور روسی صدر کا ٹیلی فونک رابطہ، مسئلہ شام پر تبادلہ خیال

جدہ:سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے روسی صدر ولادی میر پوتین سے منگل کے روز ٹیلی فون پر بات چیت کی ہے۔ کریملن کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق دونوں رہ نماؤں نے شام میں قیام امن کے لیے تازہ کوششوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق دونوں ر ہ نماؤں کے درمیان ٹیلی فون پر یہ بات چیت شامی صدر بشارالاسد کے روس کے دورے کے بعد ہوئی ہے۔انھیں ماسکو نے اس دورے پر بلایا تھا تاکہ انھیں روس ، ایران اور ترکی کے شام میں جاری لڑائی کے خاتمے کے لیے مجوزہ امن اقدام پر متفق ہونے پر آمادہ کیا جاسکے۔

کریملن کے بیان کے مطابق روس نے ان پر یہ بھی واضح کیا ہے کہ وہ خانہ جنگی کا شکار ملک میں اپنی فوجی موجودگی کو محدود کرنا چاہتا ہے۔واضح رہے کہ بشارالاسد نے شام میں سنہ 2011ء میں اپنی حکومت کے خلاف مسلح عوامی احتجاجی تحریک اور پھر خانہ جنگی چھڑنے کے بعد صرف دو غیر ملکی دورے کیے ہیں اور وہ دونوں مرتبہ روس گئے ہیں۔