آئندہ ورلڈ کپ میں گہرا تاثر چھوڑنا چاہتا ہوں : محمد عامر

آئندہ ورلڈ کپ میں گہرا تاثر چھوڑنا چاہتا ہوں : محمد عامر


لاہور:پاکستانی سٹار باولر محمد عامرکا کہنا تھا کہ پابندی کی وجہ سے ورلڈ کپ 2011اور 2015 نہ کھیل پانے کا افسوس ہے،آئندہ ایونٹ میں بھرپور شرکت کرتے ہوئے اپنی کارکردگی سے گہرا تاثر چھوڑنا چاہتا ہوں۔میں تینوں فارمیٹ میں اپنی ذمہ داریوں سے انصاف کرنے کیلئے ٹریننگ کے سخت شیڈول پر عمل پیرا رہتا ہوں۔


ایک انٹرویو میں انہوں نےکہا کہ دائرے کے اندر فیلڈرز کھڑے کرنے کا قانون متعارف کرائے جانے سے بولرز کو اپنی کارکردگی برقرار رکھنے کیلیے نئی ورائٹیز پر کام کرنا پڑا،کھیل میں اس قدر تیزی آنے کی وجہ مختلف ملکوں میں ہونے والی ٹی ٹوئنٹی لیگز بھی ہیں۔کرکٹ پہلے سے بہت زیادہ مشکل اور محنت طلب کھیل ہوگیا ہے۔


محمد عامر نے مزید کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ کم بیک کے وقت زیادہ فرسٹ کلاس میچز نہ ملنے کی وجہ سے میں ابتدا میں شارٹ گیندیں زیادہ کرتا تھا، بعد ازاں بہتری لانے کی کوشش کی اور مثبت نتائج بھی حاصل ہوئے، ویسٹ انڈیز میں زیادہ کامیابی ملی،اس کے ساتھ ایک اور پہلو بھی مد نظر رکھنا چاہیے کہ ایک ڈیڑھ سال میں ٹیسٹ میچز کے دوران میری بولنگ پر 16کے قریب کیچز بھی ڈراپ ہوئے،ایسا نہ ہوتا تو میرا ٹیسٹ ریکارڈ خاصا بہتر نظر آتا،ہم کسی کو الزام نہیں دے سکتے، کوئی فیلڈرنہیں چاہتا کہ کیچ چھوڑ دے۔