چین کی ترقی سے سب سے پہلے پاکستان کو فائدہ پہنچنا چاہیے : چین

چین کی ترقی سے سب سے پہلے پاکستان کو فائدہ پہنچنا چاہیے : چین


بیجنگ :چین نے کہا ہے کہ پاکستان ہمسائیوں کے ساتھ اس کی سفارتکاری کے بارے میں ’’ ترجیح ‘‘ ہو گا کیونکہ دونوں ملک سدابہار اہم پارٹنر ہیں اور بنیادی مفادات کے بارے میں ایک دوسرے کی ٹھوس حمایت کرتے ہیں ۔


چین اور پاکستان کے درمیان سٹرٹیجک ڈائیلاگ کا 8واں دور اسلام آباد میں ہوا جس کی صدارت چین کے نائب وزیر خارجہ کونگ زوان یو اور پاکستان کی سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے مشترکہ طورپر کی ۔ چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان لوکانگ نے بریفنگ میں کہا کہ چین اور پاکستان سد ا بہار ،اہم کوآپریٹو پارٹنر ہیں اور ہم نے متعلقہ بنیادی مفادات کے امور کے سلسلے میں ہمیشہ ایک دوسرے کی مدد کی ہے، چین نے ہمسائیوں کے ساتھ اپنی سفارتکاری میں پاکستان کو ہمیشہ ترجیح دی ہے اور چین کی ترقی سے سب سے پہلے ایسے اچھے دوست کو فائدہ پہنچنا چاہئے جو پاکستان کی طرح خوشی اور غمی میں ساتھ دے ،چین کی خواہش ہے کہ وہ سٹرٹیجک ڈویژن اور طویل المیعاد تناظر میں چین پاکستان تعلقات کو فروغ دے اور دوطرفہ تعلقات کو آگے بڑھانے کیلئے پاکستان کے ساتھ کام کرے اور مشترکہ مستقبل والی چین پاکستان برادری کی تعمیر میں سرگرمی دکھائے۔


پاکستان کی سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے کہا کہ چین پاکستان سٹرٹیجک رابطے او کمیونیکیشنز میں اضافے کیلئے دونوں ممالک کیلئے اہم چینل کی حیثیت رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اس میکنزم سے بہتر طورپر استفادے اور دونوں ممالک کے درمیان سٹرٹیجک کوآرڈینیشن کے علاوہ کمیونیکیشنز اور کوآپریشن کو آگے بڑھانے کیلئے تیار ہے ، ڈائیلاگ کے اس دور میں طرفین نے چین پاکستان سدا بہار سٹرٹیجک کوآپریٹو پارٹنر شپ کو بے حد سراہا اور امید ظاہر کی کہ طرفین دونوں ممالک کے رہنماؤں کے درمیان طے پانے والے اتفاق رائے پر اچھی طرح عملدرآمد کرتے رہیں گے۔