چودھری شوگر ملز کیس میں مریم نواز کو حاضری سے استثنیٰ مل گیا

چودھری شوگر ملز کیس میں مریم نواز کو حاضری سے استثنیٰ مل گیا

چودھری شوگر ملز کیس میں مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کو حاضری سے استثنیٰ مل گیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کی احتساب عدالت میں چودھری شوگر ملز کیس کی سماعت ہو رہی ہے جس میں نوازشریف اور ان کی بیٹی مریم کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست جمع کروائی گئی جسے منظور کر لیا گیا۔ احتساب عدالت میں چودھری شوگر ملز کیس کی سماعت جج امیر محمد خان نے کی۔
سابق وزیراعظم نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز کو عدالت پیش کیا گیا، انہوں نے عدالت کے روبرو درخواست جمع کروائی کہ نوازشریف اور انہیں ریفرنس دائر ہونے تک حاضری سے استثنٰی دیا جائے جسے عدالت نے منظور کر لیا۔ عدالت نے حکم دیا کہ مریم نواز ریفرنس فائل ہونے بعد ٹرائل کا سامنا کریں گی۔

نیب پراسیکیوٹر نے مریم نواز کو حاضری سے استثنیٰ دئے جانے کی مخالفت کی جس پر عدالت نے نیب پراسیکیوٹر کو جلد ریفرنس دائر کرنے کا حکم دے دیا۔

واضح رہے کہ سابق وزیراعظم نوازشریف اور ا±ن کی صاحبزادی مریم نواز کی لاہور ہائیکورٹ سے درخواست ضمانت پہلے ہی منظور ہو چکی ہے۔ سابق وزیراعظم نواز شریف لاہور ہائیکورٹ سے ضمانت ملنے کے بعد اس وقت لندن میں موجود ہیں جہاں ان کا علاج جاری ہے جبکہ مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کو بھی چودھری شوگر ملز میں عدالت سے ضمانت حاصل ہو چکی ہے۔
لیکن مریم نواز کا پاسپورٹ اس وقت بھی لاہور ہائیکورٹ کی تحویل میں ہے جس کی وجہ سے وہ بیرون ملک سفر نہیں کر سکتیں۔ مریم نواز کے لندن جانے کے لیے بھی تیاریوں کا آغاز کر دیا گیا ہے، اس حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ جلد ہی پاسپورٹ واپسی کے لیے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز عدالت سے رجوع کریں گی جس کے بعد وہ بھی والد کے پاس لندن چلی جائیں گی۔