نیب قوانین میں تبدیلی لاڈلوں کیلئے کی جا رہی ہے جو قبول نہیں، مریم اورنگزیب

نیب قوانین میں تبدیلی لاڈلوں کیلئے کی جا رہی ہے جو قبول نہیں، مریم اورنگزیب
کیپشن: عمران خان سیاسی انتقام میں اندھے ہو چکے ہیں، مریم اورنگزیب۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کے رہنما جیلوں میں ہیں لیکن ان پر ایک بھی الزام ثابت نہیں ہوا اور رہنماؤں کو بکتر بند گاڑیوں میں لایا جاتا ہے اور بدسلوکی کی جاتی ہے۔

وزیراعظم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان کہتے ہیں مقابلہ کرنا آتا ہے لیکن مخالفین کو جیلوں میں بند کر رکھا ہے۔ خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر کے باوجود انہیں نہیں لایا گیا اور وہ اب بھی جیل میں ہیں، یہ خواجہ سعد رفیق کے آئینی حق پر حملہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان سیاسی انتقام میں اندھے ہو چکے ہیں جبکہ شہباز شریف کے خلاف وعدہ معاف گواہ بنائے جا رہے ہیں۔ کل وسیم اجمل نے عدالت میں کہا کہ مجھے شہباز شریف کے خلاف وعدہ معاف گواہ بننے کو کہا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا عمران خان کی پنجاب حکومت کو ہدایت ہے کہ وہ سعد رفیق کو پارلیمنٹ میں نہ لائیں جب کہ رانا ثناءاللہ کے پروڈکشن آرڈر جاری نہیں جاری کیے گئے۔ عمران خان پارلیمان کو کمزور کرنا چاہتے ہیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈرز پر عملد درآمد کروانے میں عمران خان رکاوٹ ہیں اور سعد رفیق کو قومی اسمبلی نہ لائے جانے پر ہم تحریک استحقاق جمع کروا رہے ہیں۔

ترجمان مسلم لیگ ن نے کہا کہ ہمیں کہا جا رہا کہ اپوزیشن جماعتیں الیکشن کمیشن کو ہراساں کر رہی ہیں۔ تحریک انصاف خود الیکشن کمیشن کو ہراساں کر رہی ہے اور عمران خان 5 سال سے الیکشن کمیشن سے راہ فرار اختیار کیے ہوئے ہیں۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا یہ تیسرا پاکستان ہے جو عمران خان بنا رہے ہیں، عمران خان جھوٹی ٹوئٹس کرتے ہیں کہ معیشت بہتر ہو رہی ہے۔ لوگوں کے کاروبار بند ہو گئے لیکن مشیر خزانہ کہتے ہیں کہ 17 روپے کلو ٹماٹر ہیں، کرائے کے حکومتی ترجمان جھوٹ پر جھوٹ بولتے ہیں۔

انہوں نے عمران خان کو مشورہ بھی دیا کہ اپنے ترجمانوں کو نواز شریف کا سیکیورٹی گارڈ بھرتی کر دیں کیونکہ ان ترجمانوں کا یہی کام ہے نواز شریف کیسے چلا، کیا پہنا، شیو کی یا نہیں۔

مسلم لیگ ن کی ترجمان کا کہنا ہے نیب کی جرات نہیں کہ حکومتی کرپشن کے خلاف کارروائی کرے، چیئرمین نیب بتائیں کہ ایک سال سے جیلوں میں بند لیڈر شپ کے خلاف کتنے الزامات ثابت ہوئے، سیاسی مخالفین کو بند کرنے کا مقصد ایک ہے کہ عمران خان نے اکیلے کھیلنا ہے۔

مریم اورنگزیب نے وزیراعظم کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان جرات ہے تو مخالفین کو جیل سے باہر لائیں اور ان سے مقابلہ کریں، عمران خان جرات ہے تو روزانہ الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوں اور اپنے سارے اثاثے ڈکلیئر کریں۔

نیب قوانین میں تبدیلی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ اگر نیب قوانین میں تبدیلی لاڈلوں کے لیے کی جا رہی ہے تو یہ کسی صورت قابل قبول نہیں ہے، اگر قوانین میں تبدیلی آرڈیننس سےلائی جائے گی تو مطلب ہے کہ دال کالی ہے۔

مسلم لیگ ن کی ترجمان نے مطالبہ کیا کہ اگر نیب کے قوانین میں تبدیلی لانی ہے تو آئینی اور قانونی طریقہ کار سے لائی جائے۔