عمران خان اپنی کرسی بچانے نہیں بلکہ تبدیلی لانے کیلئے آیا ہے، وزیراعظم

عمران خان اپنی کرسی بچانے نہیں بلکہ تبدیلی لانے کیلئے آیا ہے، وزیراعظم
کیپشن: میانوالی میرے ساتھ تب کھڑا ہوا جب پاکستان میں کسی نے مجھے ووٹ نہیں دیا تھا، عمران خان۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فوٹو/ اسکرین گریب

میانوالی: مدر اینڈ چائلڈ اسپتال کاسنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ میانوالی میں مدر اینڈ چائلڈ اسپتال کا سنگ بنیاد رکھنے پر خوشی ہے اور یہاں جو اسپتال بنانے ہیں آج ان کی شروعات ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نمل یونیورسٹی کو بڑھتے دیکھ جتنی خوشی ہوتی ہے اور کسی چیز سے نہیں ہوتی۔ یہ یونیورسٹی دن بہ دن بہتر ہوتی جا رہی ہے اور شہر کی یونیورسٹیوں سے آج نمل یونیورسٹی میں زیادہ پی ایچ ڈیز ہیں۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ ایک اسٹیٹ آف دی آرٹ اسپتال بھی یہاں بنائیں گے اور اسپتال بننےکے بعد یہاں سے لوگوں کو اسلام آباد اور لاہور نہیں جانا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ میانوالی میرے ساتھ تب کھڑا ہوا جب پاکستان میں کسی نے مجھے ووٹ نہیں دیا تھا، میانوالی نے مجھے ووٹ دیا، آج عمران خان وزیرِ اعظم ہے کل نہیں ہو گا، ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ نظام بدلنا ہے اور جو خود چلے اور عوام کی مدد کرے۔

عمران خان نے کہا کہ جو نظام اب ہم لا رہے ہیں وہ ہے بلدیاتی نظام، بیرونی دنیا کی ترقی کی ایک بڑی وجہ زبردست بلدیاتی نظام ہے جس کے بعد ہر صوبے میں ڈسٹرکٹ اور گاؤں کا پیسہ، اسی صوبے اور گاؤں پر لگے گا یہ نہیں ہو گا کہ کسی اور گاؤں کا پیسہ، ناظم فیصلہ کرے کہ کہاں خرچ ہوگا۔

وزیراعظم نے کہا عمران خان اپنی کرسی بچانے کے لیے نہیں بلکہ تبدیلی لانے کے لیے آیا ہے۔