فرانس کے احتجاج پر شیریں مزاری کا ٹویٹ بیان حذف کردیا گیا

فرانس کے احتجاج پر شیریں مزاری کا ٹویٹ بیان حذف کردیا گیا
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام  آباد ،فرانس کی طرف سے  شدید احتجاج کے بعد پاکستان کی وفاقی وزیربرائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے فرانسیسی صدر ایمانویل میکخواں کے بارے ٹویٹ بیان حذف کردیا  ۔

وفاقی وزیرشیریں مزاری نے اپنے ٹویٹ میں کہا تھا کہ فرانس کے صدر مسلمانوں سے وہ سلوک کررہے ہیں جو دوسری جنگ عظیم میں ہٹلر نے یہودیوں کے ساتھ کیا تھا ۔ 

پاکستان میں فرانسیسی سفارتخانے کی طر ف سے شیریں مزاری کے اس بیان پر شدید ردعمل ظاہر کیا گیا اور اس بیان کی تصحیح کرنے اور بات چیت کی راہ اختیار کرنے کا کہا گیا تھا ۔ 

فرانسیسی وزارت کی طرف سے شیریں مزاری کے ٹویٹ پر کہا گیا کہ یہ گھٹیا الفاظ سراسر جھوٹ ہیں جو نفرت اور تشدد کے نظریات پر مبنی ہیں ۔ اتنے ذمہ دارعہدے پر رہنے والی شخصیت کی جانب سے ایسے تبصرے کی بھرپورمذمت کرتے ہیں ۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ ہم نے پاکستان کے اعلیٰ حکام کو اپنے خدشات سے آگاہ کردیا ہے ۔ جس کے بعد شیریں مزاری کے ٹویٹ بیان کو حذف کردیا گیا ۔