بھارت میں شوہر نے بیوی سے محبت کےاظہار کے لئے تاج محل بنوا دیا

بھارت میں شوہر نے بیوی سے محبت کےاظہار کے لئے تاج محل بنوا دیا

ممبئی: بھارت میں ایک  شخص نے بیوی کی محبت میں ایک اور تاج محل بنادیا ۔ اندھیرے میں چمکنے والے اس نئے تاج محل کی تعمیر میں تین سال لگے ہیں ۔

مغل بادشاہ شاہجہاں کی طرف سے اپنی بیوی ممتاز محل کے لئے تاج محل بنانے کے بارے میں تو سنا اور پڑھا تھا لیکن موجودہ دور میں کسی نے اپنی بیوی کی محبت میں تاج محل بنایا ہو بہت حیران کردینے والی خبر ہے ۔

یہ واقعہ بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں پیش آیا ہے جہاں پر ایک انجنیئر نے اپنی بیوی سے محبت کے اظہار کے لئے ایک اور تاج  محل بنایا ہے ۔ برہان پور کے انجنیئر آنند چوکسے اپنی بیوی سے  بہت محبت کرتے ہیں اور اس نے اپنی محبت کو یاد گار بنانے کے لئے ایک اور تاج محل تعمیر کردیا ۔

آنند چوکسے کا کہنا ہے کہ میں اکثر سوچتا تھا کہ میں اپنی بیوی کو ایسا کیا تحفہ دوں کہ جس سے ہم دونوں کی محبت یاد گار بن جائے  اور لوگ ہمیں سالوں یاد رکھیں ۔ پھر مجھے خیال آیا کہ کیوں نہ میں بھی شاہجہاں کی طرح اپنی بیوی سے محبت کے اظہار کے لئے تاج محل ہی بنادوں لیکن یہ ایک مشکل اور سخت محنت والا کام تھا لیکن میں نے کئی ماہ کی سوچ کے بعد اس کو ہی عملی جامہ پہنانے کا منصوبہ تیار کیا اس میں پیسہ اور وقت تو لگا لیکن میں آج بہت خوش ہوں ۔

آنند چوکسے کے مطابق  گھر کی تعمیر میں بہت سے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا ہے میں نے گھر کی تعمیر کے لئے تاج محل کو بہت باریک بینی سے جائزہ لیا اور کئی کتابوں سے اس کی تعمیر کے بارے میں  معلومات حاصل کیں ۔  گھر کے اندرون اور بیرون اطراف میں نقش و نگار کے لیے بنگال اور اندور کے فنکاروں سے مدد لی۔

آنند چوکسے کے بنائے گئے تاج محل کا  گنبد 29 فٹ کی بلندی پر ہے۔چارکمروں پر مشتمل گھر میں تاج محل جیسے ٹاور ہیں اور گھر کا فرش راجستھان کے مکرانہ سے بنایا گیا ہے جبکہ فرنیچر ممبئی کے کاریگروں نے تیار کیا ہے۔یہی نہیں بلکہ گھر کے اندر اور باہر دونوں جگہ  اس طرح لائٹنگ کی گئی ہے کہ یہ گھر اصلی تاج محل کی طرح اندھیرے میں چمکتا  ہے ۔

یاد رہے کہ مغل بادشاہ شاہجہاں نے اپنی اہلیہ ممتاز محل کے لئے1632 میں  تاج محل بنوایا جس کی تعمیر پر دس سال لگے تھے ۔ اب تک دنیا بھر سے کروڑوں افراد محبت کی اس تعمیر کو دیکھنے کے لئے آچکے ہیں ۔  اس کو دنیا کے عجائبات میں بھی شمار کیا جاتا ہے ۔

مصنف کے بارے میں