یمنی وزیراعظم کا ایرانی بحری جہاز ضبط کرنے کا دعویٰ

یمنی وزیراعظم کا ایرانی بحری جہاز ضبط کرنے کا دعویٰ

صنعاء:اہم ترین اسلامی ملک نے ایران کے جہاز پر قبضہ کر لیا،یمن کے وزیراعظم بن دغر نے دعویٰ کیا ہے کہ یمنی بحریہ نے ایک کارروائی کے دوران ملک کے مشرقی ساحلی علاقے حدیبو کے قریب ’ارخبیل سقطری‘ سے ایران کا ایک بحری جہاز قبضے میں لیا ہے۔ اس جہاز پر 19 افراد سوار تھے۔عرب ٹی وی کے مطابق مائیکرو بلاگنگ ویب سائیٹ ’ٹویٹر‘ پر پوسٹ ایک بیان میں یمنی وزیراعظم احمد عبید بن دغر نے کہا کہ حدیبو شہر کے ساحل کے قریب سے ایران کا ایک جہاز قبضے میں لیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایرانی جہاز بحر ہند اور بحر عرب کےدرمیان ارخبیل سقطری کے قریب سے ضبط کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ ایرانی جہاز مقامی ماہی گیروں کی نشاندہی اور معاونت سے قبضے میں لیا گیا۔

یہ ماہی گیر جزیرہ عبدالکوری کے مقام پر سمندر میں مچھلیوں کا شکار کررہے تھے۔یمن کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ‘سبا‘ کے مطابق وزیراعظم بن دغر نے عدن شہر میں گذشتہ روز ہونے والے کابینہ کے اجلاس میں بھی ایران جہاز کے پکڑے جانے کی تفصیلات بتائیں۔

انہوں نے کہا کہ پکڑے گئے ایرانی جہاز پر موجود سامان اور اسے بھجوانے کے ذرائع کے بارے میں تحقیقات جاری ہیں۔خیال رہے کہ یمن کے ساحل سے ایران جہاز کے پکڑے جانے کا دعویٰ ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب یمنی حکومت پہلے بھی بار بار ایران پر باغیوں کو ہوائی اور بحری جہازوں کے ذریعے اسلحہ فراہم کرنے کا الزام عائد کر چکی ہے۔