3 وزرا کی کرپشن کا انکشاف، وزیراعظم کا تحقیقات کا حکم

3 وزرا کی کرپشن کا انکشاف، وزیراعظم کا تحقیقات کا حکم
کیپشن: میری کرپشن کے خلاف 22 سالہ جدوجہد ہے اور میں اس پر سمجھوتہ نہیں کروں گا، وزیراعظم۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی حکومت کے پہلے 100دن میں وفاقی حکومت میں شامل3 وزرا پر کرپشن کا الزام آ گیا۔ وزیر اعظم نے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ کرپشن کا الزام ثابت ہونے وزیر اعظم وزرا کو برطرف کر دیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے وزیر اعظم عمران خان نے اپنے وزرا کے کرپشن میں ملوث ہونے کا انکشاف جمعرات کو کابینہ اجلاس کے دوران تمام سرکاری افسروں کو کابینہ اجلاس والے کمرے سے نکالنے کے بعد وزرا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں وفاقی وزرا، وزرائے مملکت، معاونین خصوصی اور مشیر موجود تھے۔ عمران خان نے کہا کہ وزراء کی کرپشن کے بارے میں ابتدائی رپورٹس موصول ہو چکی ہیں۔ انہوں نے کرپشن الزامات کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے اور الزامات ثابت ہونے پر وہ کسی قسم کی گنجائش نہیں رکھیں گے اور کرپٹ وزرا کو برطرف کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ میری کرپشن کے خلاف 22 سالہ جدوجہد ہے اور میں اس پر سمجھوتہ نہیں کروں گا۔ وزیر اعظم کے انکشاف پر کابینہ روم کے شرکا پر سکتہ طاری ہو گیا۔