بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی سمری پھر موخر

بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی سمری پھر موخر
کیپشن: وصولیوں کا عمل بہتر ہونے تک بجلی کی قیمت نہیں بڑھانے دوں گا، اسد عمر۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: اقتصادی رابطہ کمیٹی نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی سمری ایک بار پھر موخر کر دی۔وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں دو نکاتی ایجنڈ ے پر غور کیا گیا۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ بجلی کے واجبات کی وصولی کا عمل بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ وصولیوں کا عمل بہتر ہونے تک بجلی کی قیمت نہیں بڑھانے دوں گا اور بدھ کو اقتصادی رابطہ کمیٹی کا خصوصی اجلاس بلایا ہے۔

ذرائع کے مطابق حکومت بجلی کے نرخوں میں اضافہ دو قسطوں میں کرنا چاہتی ہے اور وزارت توانائی نے نیپرا سے بجلی کی قیمتوں میں 3 روپے 75 پیسے کا اضافہ دو قسطوں میں کرنے کی اجازت مانگی ہے تاہم نیپرا کے نئے ٹیرف کے بعد حکومت کو بجلی کے نرخ بڑھانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

ذرائع کے مطابق نیپرا کا موقف ہے کہ اس سے حکومت کی مالی مشکلات مزید بڑھیں گی اور بجلی کے نرخ بڑھانے کا اطلاق جب بھی ہوا 17-2016 سے ہی ہو گا۔