جسٹس انوار الحق لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس مقرر

 جسٹس انوار الحق لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس مقرر
کیپشن: فوٹو: لاہور ہائیکورٹ ویب سائٹ

اسلام آباد: صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے جسٹس انوار الحق کو لاہور ہائیکورٹ کا چیف جسٹس مقرر کردیا۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس محمد یاور کی ریٹائرمنٹ کے بعد جسٹس انوار الحق کی بطور چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔جسٹس انوار الحق کل اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے جن سے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور گورنر ہاؤس میں حلف لیں گے۔

دوسری جانب صدر مملکت نے 6 ایڈیشنل ججز کو بھی لاہور ہائیکورٹ کا جج مقرر کردیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق جسٹس مجاہد مستقیم احمد، جسٹس اسجد جاوید غرال، جسٹس طارق سلیم شیخ، جسٹس جواد حسن، جسٹس مزمل اختر شبیر اور جسٹس چوہدری عبد العزیز لاہور ہائیکورٹ کے جج ہوں گے۔

صدر مملکت نے لاہور ہائیکورٹ کیلئے 8 ایڈیشنل ججز بھی مقرر کیے ہیں جن میں انوار الحق، فاروق حیدر، شکیل الرحمان خان، محمد وحید خان، احمد رضا، رسالت حسن، عاصم حفیظ اور صادق محمود خرم شامل ہیں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کیلئے 8 ایڈیشنل ججز کا تقرر ایک سال کے لیے کیا گیا ہے۔