'پاکستان کو اندر سے انتشار میں مبتلا کرنیوالوں کیساتھ اچھا سلوک نہیں ہو گا'

'پاکستان کو اندر سے انتشار میں مبتلا کرنیوالوں کیساتھ اچھا سلوک نہیں ہو گا'
مودی چاہتا ہے پاکستان کشکول لے کر کھڑا رہے اور سری لنکا و مالدیپ بن جائے، شیخ رشید۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

راولپنڈی: میڈیا سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پاکستان کو سرحدوں پر خطرناک حد تک چیلنج ہے اور غیر اعلانیہ جنگ شروع ہے۔ سرحدوں پر فوجیں آمنے سامنے کھڑی ہیں، کلسٹر بم بھی استعمال ہو چکے ہیں اور بھارت کو پتہ ہے کہ یہ جنگ ہو گی تو پھر ایٹمی جنگ ہو گی۔


شیخ رشید نے کہا کہ میں جنگ دیکھ رہا ہوں اور مودی کے عزائم کو بھانپ چکا ہوں کیونکہ مودی چاہتا ہے پاکستان کشکول لے کر کھڑا رہے اور سری لنکا و مالدیپ بن جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مودی پاکستان کا پانی بند اور فصلوں کو اجاڑنے کی دھمکی دے رہا ہے اور بھارت میں ہندوتوا کا نظام لا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں پاگل نہیں کہ بتا چکا ہوں کہ ہمارے پاس پاؤ اور آدھا کلو کے بھی بم ہیں، کوئی غلط فہمی میں نہ رہے اور وہ جیسا مرچ مسالہ استعمال کریں گے ہم بھی ویسا کریں گے۔

وزیر ریلوے نے کہا کہ پاکستان کو خطرہ اندر سے ہے سرحدوں سے نہیں لیکن پاکستان کو اندر سے انتشار میں مبتلا کرنے والوں کے ساتھ اچھا سلوک نہیں ہو گا۔

مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے غبارے میں بہت ہوا بھر گئی ہے لیکن اب ان کے غبارے سے ہوا نکلنے والی ہے۔ وزیر ریلوے نے کہا مولانا فضل الرحمان کو مشورہ دیا ہے کہ یہ وقت اس صورتحال کے لیے مناسب نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ امید ہے کل بہتر فیصلہ آئے گا اور اگر نہیں آیا تو قانون اپنا راستہ اختیار کرے گا کیونکہ لوگوں کو ڈنڈا بردار جتھوں اور مسلح لوگوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا۔

شیخ رشید نے کہا کہ ن لیگ میں احسن اقبال، خواجہ سعد رفیق، خواجہ آصف اور ایاز صادق سمیت 10 سے 12 بارہ اچھے لوگ ہیں۔ ان میں میرا دوست شہباز شریف بھی شامل ہے۔

ان کا کہنا تھا امید ہے اچھے لوگوں کی موجودگی میں اچھا فیصلہ ہو گا اور مجھ سے کوئی رابطے میں نہیں ہے صرف شہباز شریف سے رابطہ ہے۔ مولانا صاحب کو فیس سیونگ ملنی چاہیے تاکہ ان کا شوق بھی ہو جائے۔ سانپ بھی مرجائے اور لاٹھی بھی نا ٹوٹے۔

وزیر ریلوے نے کہا کہ ساری زندگی یہی سنا کہ اپوزیشن نکلتی ہے تو استعفے کا مطالبہ ہی کرتی ہے۔ اب معیشت کا پہیہ چل پڑا ہے اور ایسے میں انتشار مناسب نہیں ہے۔

ن لیگ اور پیپلز پارٹی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ نواز شریف اور زرداری کے کرپشن کے پانچ، پانچ سال کی سزا عوام کو بھگتنی پڑ رہی ہے۔ آٹا، چینی، گھی کی منہگائی کے ذمہ دار نواز شریف اور آصف زرداری ہیں عمران خان نہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کا مسئلہ کشمیر سے کوئی واسطہ نہیں ہے وہ دو سال سہولتیں لینے کے لیے کشمیر کمیٹی کے سربراہ رہے۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان گولڈن ٹیمپل تو جا سکتے ہیں لیکن مزار قائد نہیں، مولانا گولڈن ٹیمپل کے لنگر خانے میں بھی جا سکتے ہیں لیکن مزار اقبال پر نہیں کیونکہ ان کے دہرے معیار ہیں۔