عالمی وبا کا خطرہ برقرار، پاکستان میں کورونا سے مزید 10 افراد جان کی بازی ہار گئے

عالمی وبا کا خطرہ برقرار، پاکستان میں کورونا سے مزید 10 افراد جان کی بازی ہار گئے

اسلام آباد: پاکستان میں کورونا سے مزید 10 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ اموات میں حالیہ اضافے سے ملک بھر میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کی تعداد 6 ہزار 702 تک جا پہنچی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب جاری کورونا وائرس کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں چوبیس گھنٹوں کے دوران 28 ہزار، 534 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 736 افراد میں وائرس کی تصدیق ہو گئی۔ ملک بھر میں اس وقت متاثرین کی تعداد 3 لاکھ، 25 ہزار، 480 ہو گئی جبکہ 3 لاکھ 9 ہزار 136 کورونا کو شکست دے کر صحتیاب بھی ہو چکے ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز سرکاری اعددوشمار کے مطابق اس موذی مرض کے ہاتھوں 19 افراد اپنی جانوں کی بازی ہار گئے تھے۔ اب کورونا وائرس کے باعث پنجاب میں 2 ہزار 323 اور سندھ میں 2 ہزار 2590 اموات ہو چکی ہیں۔ خیبر پختونخوا میں اموات کی تعداد ایک ہزار 266، اسلام آباد میں 201، بلوچستان میں 148، گلگت بلتستان میں 90 اور آزاد کشمیر میں 84 ہو گئی ہے۔

حالیہ اعدادوشمار کے مطابق اسلام آباد میں کورونا کیسز کی تعداد 18 ہزار 439 ہوگئی ہے۔ پنجاب ایک لاکھ 2 ہزار 107، سندھ میں ایک لاکھ 42 ہزار 641، خیبر پختونخوا میں 38 ہزار 810، بلوچستان میں 15 ہزار 738، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 107 اور آزاد کشمیر میں 3 ہزار 639 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

خیال رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس کے پھیلائو میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ طبی ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ موسم کی تبدیلی اور احتیاطی تدابیر پر عمل نہ کرنے سے یہ وبا عالمی طور پر پھر سے سر اٹھا سکتی ہے۔ ماہرین کی جانب سے خبردار کیا گیا ہے کہ عوامی مقامات پر بغیر منہ ڈھانپے نکلنے سے احتیاط کی جائے۔ تاہم دیکھا گیا ہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر کی عوام اس پر عملدرآمد کرتی ہوئی نظر نہیں آ رہی۔

امریکا سے لے کر بھارت تک دنیا کے بیشتر ممالک میں آئے روز کووڈ 19 کے نئے کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں۔ حکومتوں کی جانب سے بار بار عالمی وبا کی دوسری لہر کے دوبارہ سر اٹھانے کے خدشات کو عوام کو آگاہ کیا جا رہا ہے۔ پاکستان میں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے اس بارے میں واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ عوام نے اگر یہی روش اختیار کئے رکھی تو پابندیوں اور لاک ڈائوں کے سوائے اور کوئی چارہ نہیں ہوگا۔ اس لئے عوام اگر چاہتے ہیں کہ وہ پابندیوں سے بچتے ہوئے عام زندگی گزار سکیں اور ان کے روزمرہ کے معمولات میں کوئی خرابی پیدا نہ ہو تو وہ سختی سے حکومتی ایس او پیز پر عمل کریں۔

ادھر دنیا بھر میں کورونا کی تباہ کاریاں بھی جاری ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹے میں امریکا میں 63 ہزار سے زائد نئے کیسز جبکہ 12 سو 25 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ بھارت میں 56 ہزار نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ فرانس اور برطانیہ میں 26 ہزار سے زائد نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ برطانوی شہر یارک شائر میں سخت پابندیاں لگا دی گئی ہیں جبکہ آئرلینڈ میں چھ ہفتوں کے لیے دوبارہ لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا ہے۔ دنیا بھر میں اس وقت متاثرہ مریضوں کی تعداد 4 کروڑ 14 لاکھ 84 ہزار سے زیادہ ہے۔ مرنے والوں کی تعداد 11 لاکھ 36 ہزار 335 ہو چکی ہے۔