بھارت انسانی حقوق کیلئے کام کرنے والی تنظیموں کے تحفظ کو یقینی بنائے: اقوام متحدہ

بھارت انسانی حقوق کیلئے کام کرنے والی تنظیموں کے تحفظ کو یقینی بنائے: اقوام متحدہ
کیپشن: Photo by orfonline

نیویارک: اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے کمیشن کا کہنا ہے کہ بھارت انسانی حقوق کی علمبردار تنظیموں اور کارکنان کو دبانے کیلئے سیاہ ترین قوانین کا بے دریغ استعمال کر رہا ہے۔

اقوام متحدہ میں انسانی حقوق کی کمشنر مشیل بیچلیٹ نے بھارتی حکومت سے انسانی حقوق کے علمبرداروں کے حقوق کی پاسبانی کا مطالبہ کرتے ہوئے ایسی تنظیموں کے خلاف کارروائیوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیموں کو دبانے کے بجائے ان کے تحفظ کو یقینی بنائے تاکہ وہ اپنے فرائض اچھی طرح سے انجام دے سکیں۔ چند روز قبل، انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بھارت میں اپنا دفتر یہ کہہ کر بند کر دیا تھا کہ حکومت نے اسے اس قدر تنگ کر رکھا ہے کہ اب اس کے پاس کوئی راستہ نہیں بچا ہے۔

واضح رہے کہ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے مودی سرکار کی جانب سے مسلمانوں اور دوسری اقلیتوں پر کیے جانے والے مظالم کا کھل کر پردہ چاک کیا تھا جس پر بی جے پی کی حکومت نے نہ صرف اُن کو تنگ کرنا شروع کیا بلکہ ایمنسٹی انٹرنیشنل کے بینک اکاؤنٹ تک بند کر دیئے تھے جس کے بعد تو اُن کیلئے اپنے دفاتر کو چلانا ناممکن ہو گیا تھا اس لیے انہوں نے بھارت میں اپنا کام روک دیا تھا۔

اس سے قبل شہریت کے قانون پر ہونے والے احتجاج کے دوران حکومت کی جانب سے ہونے والے مظالم پر امریکا کے کمیشن برائے مذہبی آزادی نے بھی مودی کے مکرو چہرے کو بے نقاب کیا تھا۔ جس پر بی جے پی کی حکومت ٹرمپ انتطامیہ سے ناراض ہو گئی تھی۔