ایف اے ٹی ایف پر سعودی عرب کے خلاف پروپیگنڈا مسترد ، پاکستان 

ایف اے ٹی ایف پر سعودی عرب کے خلاف پروپیگنڈا مسترد ، پاکستان 

اسلام آباد: پاکستان نے ایف اے ٹی ایف کے حوالے سے سعودی عرب کے خلاف پروپیگنڈے کو مسترد کردیا ہے ۔ 

پاکستان کے دفتر خارجہ نے سوشل میڈیا پر ایف اے ٹی ایف کے معاملے پر سعودی عرب کی طرف سے ساتھ نہ دینے کی رپورٹس کو سختی سے مسترد کردیا ہے۔

میڈیا کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے اس طرح کی خبروں کو مکمل طور  پر غلط اور بے بنیاد قرار دیا ہے ۔

ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان برادرانہ تعلقات ہیں اور دونوں ممالک نے ہمیشہ باہمی ، علاقائی اور بین الااقوامی  اہمیت کے تمام معاملات پر ایک دوسرے  کے ساتھ تعاون کیا ہے۔

پاکستان برادر ملک سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلق کو انتہائی اہمیت کا حامل سمجھتا ہے اور سختی سے اس طرح کے مذموم  پروپوگنڈے کو مسترد کرتا ہے۔

دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ منی لانڈرنگ پر نظر رکھنے والا بین الاقوامی ادارہ ایف اے ٹی ایف پاکستان کے ایکشن پلان پر پیش رفت کا جائزہ اور مستقبل کے معاملات کا اعلان اپنی میٹنگ کے بعد کرے گا۔

یاد رہے آج  صبح سے پاکستان میں ٹویٹر اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ایف اے ٹی ایف میں پاکستان کے گرے لسٹ سے نکلنے کے حوالے سے سعودی عرب کے بارے میں منفی پروپوگنڈا کیا جارہاتھا ، جس کے بعد دفتر خارجہ نے وضاحت جاری کی ہے ، 

ایف اے ٹی ایف کا اجلاس اکیس اکتوبر سے تئیس اکتوبر تک جاری رہے گا اور کورونا وبا کے باعث اس  کا انعقاد انٹرنیٹ کے ذریعے ہورہاہے ۔