بھارت نے کسی قسم کی مہم جوئی کی تو بھرپور جواب دیا جائے گا، پاکستان

Pakistan warns India
کیپشن: بھارت کے مکروہ ارادے کا جواب دینے کے لیے پوری قوم متحد اور پرجوش ہے، ترجمان دفتر خارجہ۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: پاکستان نے کہا ہے کہ بھارت نے گلگت بلتستان یا آزاد کشمیر میں کوئی مہم جوئی کی کوشش کی تو بھرپور قوت سے جواب دیا جائے گا۔ ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ نے کہا کہ بھارتی قیادت پاکستانی عوام کے عزم کے بارے میں کسی غلط فہمی میں نہ رہے۔ بھارت ہماری افواج کی جنگی تیاریوں اور حربی صلاحیتوں سے متعلق غلط فہمی میں نہ رہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت کے کسی بھی مکروہ ارادے کا جواب دینے کے لیے پوری قوم متحد اور پرجوش ہے۔ بالاکوٹ اور پھر لداخ میں بھارت کی کمزور جنگی صلاحیت کا پول پوری دنیا کے سامنے کھل چکا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ نے مزید کہا کہ بھارتی سیاسی و فوجی قیادت مسلسل پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا کر رہی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے قومی سلامتی معید یوسف نے کہا تھا کہ ہمارے پاس بھارتی دہشت گردی کے ثبوت موجود ہیں۔

معاون خصوصی معید یوسف نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کا بھارتی صحافی کو انٹرویو دینے کا مقصد بھارتی شہریوں کو بھارت کا چہرہ دکھانا تھا اور ہمارے پاس بھارتی دہشت گردی کے ثبوت موجود ہیں۔ ہمارے پاس بھارت کے خلاف ثبوت ہیں تب ہی ہم بات کرتے ہیں اور بھارت کے خلاف جہاں تک ضرورت ہوئی ہم جائیں گے کیونکہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں میں ملوث ہے۔

معید یوسف نے کہا تھا کہ وزیر اعظم نے مولانا عادل کے قتل سے متعلق بھارت کے ملوث ہونے کی صحیح بات کی ہے اور امریکہ دہشت گردی کے خلاف کردار میں پاکستان کی تعریف کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ بھارت کے خلاف غیر ملکی جریدوں میں بھی مضامین لکھے جا رہے ہیں جبکہ وزیر اعظم عمران خان مقبوضہ کشمیر کے سفیر کے طور پر آواز بلند کرتے رہتے ہیں۔ 

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں بھارتی صحافی کرن تھاپر کو دیئے گئے اپنے انٹرویو میں بھی معید یوسف نے کہا تھا کہ پاکستان کے پاس بھارت کی دہشتگردوں کو مالی امداد کی فراہمی کے ثبوت موجود ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے دہشتگردوں کو مالی امداد فراہم کی اور اے پی ایس حملے کا ماسٹر مائنڈ بھی بھارتی ایجنسی را سے رابطے میں تھا اور دہشتگردوں کو بھارت سے فون کالز آئی تھیں۔