ویرات کوہلی نہ روہت شرما، پاکستانی ٹیم کو کس کھلاڑی سے خطرہ ہے؟ میتھیو ہیڈن نے خبردار کر دیا

ویرات کوہلی نہ روہت شرما، پاکستانی ٹیم کو کس کھلاڑی سے خطرہ ہے؟ میتھیو ہیڈن نے خبردار کر دیا
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

دبئی: کرکٹ شائقین انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈکپ میں پاکستان اور بھارت کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان بڑے ٹاکرے کو دیکھنے کیلئے بیتاب ہیں کیونکہ سیاسی تعلقات میں خرابی کے باعث یہ دونوں ٹیمیں  باہمی سیریز نہیں کھیلتیں اور صرف آئی سی سی ایونٹس میں ہی مدمقابل ہوتی ہیں۔ 
دبئی میں 24 اکتوبر کو گزشتہ دو سالوں کے دوران پہلی مرتبہ دونوں ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف میدان میں اتریں گی اور دونوں ٹیمیں بھی اس میچ کیلئے بھرپور تیاریوں میں مصروف ہیں۔ قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کنسلٹنٹ میتھیو ہیڈن کا کہنا ہے کہ بھارتی کھلاڑی کے ایل راہول اور وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت پاکستانی ٹیم کیلئے اصل خطرہ ہیں۔ 
انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ میں یہ محسوس کر سکتا ہوں کہ کے ایل راہول پاکستان کیلئے اصل خطرہ ہیں اور مختصر فارمیٹ کی کرکٹ پر ان کا غلبہ بھی اچھا ہے۔ کے ایل راہول گستاخانہ مسکراہٹ، چالاک فطرت اور گیم کو سمجھنے کی بہترین صلاحیت رکھتے ہیں اور ایسے کھلاڑی تباہ کن ثابت ہوتے ہیں۔ 
واضح رہے کہ کے ایل راہول ناصرف انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑیوں میں شامل ہیں بلکہ ٹی 20 ورلڈکپ میں بھارتی ٹیم کے انگلینڈ کے خلاف پہلے وارم اپ میچ میں بھی انہوں نے نصف سنچری بنائی جبکہ آسٹریلیا کے خلاف دوسرے وارم اپ میچ میں بھی وہ فارم میں نظر آئے۔ 
دوسری جانب رشبھ پنت بھی آئی پی ایل میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے بلے بازوں میں شامل ہیں اور انگلینڈ کے خلاف وارم اپ میچ میں بھی جارحانہ اننگز کھیلی اور یہی وجہ ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان شیڈول میچ میں یہ دونوں کھلاڑی بھارت کی جانب سے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ 
واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ کا آغاز 17 اکتوبر سے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں ہو چکا ہے جس میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں اپنے سفر کا آغاز 24 اکتوبر سے کریں گی۔