عمران خان کی نااہلی کیخلاف احتجاج پر پی ٹی آئی قیادت کیخلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج

عمران خان کی نااہلی کیخلاف احتجاج پر پی ٹی آئی قیادت کیخلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے گزشتہ روز فیض آباد میں احتجاج اور توڑ پھوڑ پر اسلام آباد کے تھانہ آئی نائن میں دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق سرکار کی مدعیت میں درج کئے گئے اس مقدمے میں سینیٹر فیصل جاوید، عامر کیانی، وامق قیوم عباسی، راجہ راشد، عمر تنویر بٹ، راشد نسیم عباسی اور راجہ ماجد کو نامزد کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنوں نے پولیس، ایف سی، انتظامیہ پر پتھراؤ کیا، جس سے متعدد پولیس اور ایف سی اہلکار زخمی ہوئے۔
مقدمے کے مطابق مظاہرین نے نہ صرف قتل کی نیت سے پولیس اہلکاروں پر گاڑیاں چڑھانے کی کوشش کی بلکہ فیض آباد اور قریبی علاقوں میں درختوں کو بھی آگ لگائی اور سرکاری املاک کونقصان پہنچانے کی کوشش کی۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے توشہ خانہ ریفرنس میں گزشتہ روز عمران خان کی نااہلی کا فیصلہ سنایا تھا جس کے بعد پی ٹی آئی کارکنوں نے اسلام آباد، کراچی اور لاہور سمیت مختلف شہروں میں احتجاج کیا تھا۔ 

مصنف کے بارے میں