ٹی 20 ورلڈکپ، نیوزی لینڈ نے میزبان آسٹریلیا کو 89رنز سے شکست دیدی

ٹی 20 ورلڈکپ، نیوزی لینڈ نے میزبان آسٹریلیا کو 89رنز سے شکست دیدی

سڈنی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈکپ کے 13 ویں میں میچ میں نیوزی لینڈ نے شاندار کارکردگی کی بدولت میزبان آسٹریلیا کو 89 رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کا فاتحانہ آغاز کیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جا رہے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی جس نے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 200 رنز بنائے۔ 
ڈیوون کونوے نے دھواں دار بلے بازی کرتے ہوئے 58 گیندوں پر 2 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 92 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ فن ایلن 42، کین ولیم سن 23 اور جیمی نیشام 26 رنز بنا سکے۔ 
آسٹریلیا کی جانب سے پیٹ کومنز سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 4 اوورز میں 46 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ ایڈم زامپا ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔ 
ہدف کے تعاقب میں آسٹریلین بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم 17.1 اوورز میں 111 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ گلین میکس ویل 28 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ ڈیوڈ وارنر 5، ایرون فنچ 13، مچل مارش 16، مارکوس سٹوئنس 7، ٹم ڈیوڈ 11، میتھیو ویڈ 2، مچل سٹارک 4 اور پیٹ کومنز 21 رنز بنا سکے۔ 
نیوزی لینڈ کی جانب سے مچل سینٹینر سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 4 اوورز میں 31 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ ٹرینٹ بولٹ اور ٹم ساؤتھی نے 2,2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ لوکی فرگوسن اور ایش سودھی نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ 
واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کی قیادت کین ولیم سن نے کی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں ڈیوون کونوے، فن ایلن، گلین فلپس، مارک چیپ مین، جیمی نیشام، مچل سینٹنر، ٹم ساؤتھی، ایش سودھی، لوکی فرگوسن اور ٹرینٹ بولٹ شامل تھے۔ 
آسٹریلیا کی قیادت ایرون فنچ نے کی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں ڈیوڈ وارنر، مچل مارش، مارکوس سٹوئنس، ٹم ڈیوڈ، میتھیو ویڈ، پیٹ کومنز، مچل سٹارک، ایڈم زامپا اور جوش ہیزل ووڈ شامل تھے۔ 

مصنف کے بارے میں