سی پیک پاکستان کی معیشت کو آگے لے جائے گا: اسحق ڈار 

سی پیک پاکستان کی معیشت کو آگے لے جائے گا: اسحق ڈار 
سورس: Twitter

اسلام آباد :وفاقی وزیر خزانہ ومحصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ  سی پیک پاکستان کی معیشت کو آگے لے جانے کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ 

عوامی جمہوریہ چین کے سفیر نونگ رونگ سے ملاقات میں وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان گہری جڑوں والے گہرے دوستانہ تعلقات ہیں جو ہر گزرتے دن کے ساتھ مضبوط ہو رہے ہیں۔ وزیر خزانہ نے موجودہ حکومت کو درپیش معاشی چیلنجز اور ان پالیسیوں پر مزید روشنی ڈالی جن کا مقصد ملک میں معاشی اور مالیاتی استحکام لانا ہے۔

وزیر خزانہ نے چین کی قیادت کی طرف سے سیلاب سے بچاﺅ اور پاکستان کو 15 ارب یوآن کی آسان اقساط میں ادائیگی کے لیے تعاون کوبھی سراہا۔ سی پیک کا ذکر کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ اقتصادی راہداری ( سی پیک )پاکستان کی معیشت کو آگے لے جانے کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔انہوں نے سی پیک منصوبوں پر کامیاب عمل درآمد کے لیے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ 

چین کے سفیر نونگ رونگ نے پاکستان کے لیے چینی حکومت کی طرف سے مسلسل تعاون اور حمایت کا اعادہ کیا اور پاکستان میں مختلف منصوبوں میں چینی کمپنیوں کو سہولت فراہم کرنے پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے سی پیک کے حصے کے طور پر خصوصی اقتصادی زونز کی ترقی میں چینی حکومت کی مکمل حمایت اور تعاون کا یقین دلایا۔ ملاقات میں وزیراعظم پاکستان کے مجوزہ دورہ چین پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور دونوں اطراف نے امید ظاہر کی کہ اس دورے سے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات میں مزید اضافہ ہوگا۔

مصنف کے بارے میں