عائشہ گلالئی کو نااہل قرار دینے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

عائشہ گلالئی کو نااہل قرار دینے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

اسلام آباد: ہائی کورٹ نے تحریک انصاف کی منحرف رکن قومی اسمبلی عائشہ گلالئی کو نااہل قرار دینے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے فاضل جج جسٹس عامرفاروق نے عائشہ گلالئی کو نااہل قرار دینے کے کیس کی سماعت کی۔

درخواست گزار کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ عائشہ گلالئی نے عمران خان پرجھوٹے الزامات لگائے جبکہ انہوں نے اسمبلی کے فورم پرعوامی مینڈیٹ کی توہین کی۔ عائشہ گلالئی عوامی نمائندگی ایکٹ کے تحت قومی اسمبلی کی سیٹ کی اہل نہیں رہی اس لیے عائشہ گلالئی کونااہل قرار دے کر قومی اسمبلی سے ڈی سیٹ کیا جائے۔

سماعت کے دوران عدالت نے درخواست گزار کے وکیل سے استفسار کیا کہ کیا یہ ذاتی معاملہ نہیں بعد ازاں عدالت نے درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

یاد رہے کہ عائشہ گلالئی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں پہلے پیپلز پارٹی کا حصہ تھی جہاں خواتین کی عزت کی جاتی ہے لیکن تحریک انصاف میں کچھ اور ہی ماحول دیکھا۔ پی ٹی آئی کے ماحول سے بہت سی خواتین پریشان ہیں جبکہ تحریک انصاف میں عزت دار خواتین کی کوئی جگہ نہیں ہے۔

انہوں نے پارٹی چیئرمین سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’عمران خان پر مغربی ماحول کا اثر ہے وہ شاید پاکستان کو انگلینڈ سمجھتے ہیں اور پاکستان میں مغربی ثقافت لانا چاہتے ہیں۔ عائشہ گلالئی نے الزام لگایا تھا کہ عمران خان کو اپنی عادتوں پر کنٹرول نہیں اور وہ غلط ٹیکسٹ میسجز کرتے ہیں۔ عائشہ گلالئی نے خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک پر بھی الزامات لگاتے ہوئے انہیں صوبے کا ڈان قرار دیا تھا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں