سانحہ ماڈل ٹاؤن رپورٹ نہ ملنے پر عوامی تحریک کا سیکرٹریٹ چوک پر دھرنا

سانحہ ماڈل ٹاؤن رپورٹ نہ ملنے پر عوامی تحریک کا سیکرٹریٹ چوک پر دھرنا

لاہور: پاکستان عوامی تحریک کا سول سیکرٹریٹ چوک میں احتجاج دھرنے میں تبدیل ہو گیا۔ عوامی تحریک کے کارکنوں کا کہنا ہے کہ انکوائری رپورٹ ملنے تک دھرنا جاری رہے گا۔ لیڈی کانسٹیبل کیساتھ پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔

عوامی تحریک کے کارکن خرم نواز گنڈا پور کی قیادت میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کی رپورٹ لینے کیلئے سول سیکرٹریٹ چوک پہنچے۔ رپورٹ کی کاپی نہ ملنے پر عوامی تحریک کے کارکنوں نے سول سیکرٹریٹ چوک پر احتجاج کیا جو بعد ازں دھرنے میں تبدیل ہو گیا۔ عوامی تحریک کے مظاہرین کا کہنا تھا کہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ رپورٹ کی کاپی فراہم نہیں کر رہے اور انکوائری رپورٹ ملنے تک یہاں سے نہیں جائیں گے۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عوامی تحریک کے رہنما خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ انٹرا کورٹ اپیل دائر کرنے سے پہلے ہوم سیکرٹری کاپی دینے کا پابند ہے لہٰذا جسٹس باقر نجفی کمیشن رپورٹ کی کاپی فراہم کی جائے۔ خرم نواز گنڈاپور کا مزید کہنا تھا کہ رپورٹ آنے پر وزیر اعلیٰ اور رانا ثناء اللہ کا کردار سامنے آئے گا۔ سیکرٹری داخلہ کو جسٹس باقر نجی کمیشن رپورٹ کی کاپی لینے کی درخواست دیں گے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں