پاکستان کا بھارتی فوج کی فائرنگ سے شہریوں کی شہادت پر شدید احتجاج

پاکستان کا بھارتی فوج کی فائرنگ سے شہریوں کی شہادت پر شدید احتجاج

اسلام آباد: بھارت کی جانب سے ایل او سی کی مسلسل خلاف ورزی پر پاکستان نے بھارتی ہائی کمشنر گوتم بمبا والے کو دفتر خارجہ طلب کیا اور ورکنگ باؤنڈری پر چارواہ اور ہرپال سیکٹر میں بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں شہریوں کی شہادت کے خلاف شدید احتجاج ریکارڈ کروایا۔

بھارتی ہائی کمشنر کو احتجاجی مراسلہ بھی دیا گیا جس میں کہا گیا کہ بھارت مسلسل ایل او سی پر فائرنگ کر کے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔

یاد رہے گزشتہ روز بھارتی فورسز کی اشتعال انگیز فائرنگ سے 4 خواتین سمیت 6 شہری شہید جب کہ 15 خواتین اور پانچ بچوں سمیت 26 شہری زخمی ہو گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پنجاب رینجرز کی جانب سے بھارتی فوج کی فائرنگ کا موثر جواب دیا گیا اور جوابی کارروائی میں بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

اس سے قبل ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں دو خواتین سمیت 4 پاکستانی شہری شہید ہو گئے تھے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں