پاکستان کو ڈاکو راج نے تباہ کر دیا ہے : پرویز خٹک 

پاکستان کو ڈاکو راج نے تباہ کر دیا ہے : پرویز خٹک 

پشاور:وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ پاکستان ایک بہترین ملک ہے مگر اسے ڈاکوراج نے تباہ کیا۔ پاکستان کے مسائل کا واحد حل ایماندار قیادت ہے ۔ماضی میں اس صوبے کے عوام کو ایم ایم اے نے اسلام کے نام پر ، پیپلزپارٹی نے روٹی ، کپڑا اور مکان کے نام پر اور سرخوں نے پختونوں کے نام پر دھوکہ دیا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوشہرہ میں گیس سپلائی پائپ لائن کا افتتاح کرنے کے بعد عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ان سیاسی مجرموں کے دور میں نہ ہی اسلام کیلئے کوئی قدم اُٹھایا گیا نہ عوام کو روٹی ملی نہ پہننے کیلئے کپڑا اور نہ رہنے کیلئے چھت دی گئی ۔ پختونوں کے نام پر ایک عجیب ڈرامہ رچایا گیا ۔یہ سیاسی ڈاکو الیکشن قریب آتے ہی بلوں سے نکل کر ڈرامہ شروع کردیتے ہیں۔عوام کو چاہیئے کہ اپنے مستقبل کی خاطر دغا بازوں اور ایمانداروں میں فرق کریں ۔ 2018 کے انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف نہ صرف خیبرپختونخوا بلکہ چاروں صوبوں اور وفاق میں حکومت بنائے گی اور عمران خان ہی اس ملک کے وزیر اعظم ہوں گے۔ 

پرویز خٹک نے مزید کہا کہ مولانا فضل الرحمن،آصف علی زرداوری، اسفندیار ولی خواب دیکھنا چھوڑ دیں۔ اُن لوگوں پر افسوس ہے جو چند ٹکوں کی خاطر اپنا مستقبل داؤ پر لگا دیتے ہیں۔ عوام کے ایک غلط فیصلے (ووٹ دینے کے عمل )کی وجہ سے پورانظام درہم برہم ہوجاتا ہے۔دُنیا میں جتنی اقوام نے بھی ترقی کی اُ س کی وجہ اُن کی ایماندار قیادت اورمضبوط سسٹم تھا۔پاکستان کے کھربوں پتی لوگ باہر ہیں جو اپنا پیسہ پاکستان میں نہیں لگاتے کیونکہ وہ سیاسی ڈاکوؤں سے ڈرتے ہیں۔ اُنہیں اس بدعنوان نظام پر اعتماد نہیں ہے۔وہ اپنا سرمایہ پاکستان میں لانے کیلئے تیار ہیں مگر ایماندار قیادت کے منتظر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے اپنے منشور کے مطابق گزشتہ چارسالوں میں نظام کی اصلاح اور اداروں کی بحالی کیلئے اخلاص کے ساتھ جدوجہد کی ۔ہم اپنے اس مقصد میں کتنے کامیاب ہیں اس کا فیصلہ اﷲ تعالیٰ کرے گا۔ ہم نے عوام کی آسانی کیلئے اور اُن کی زندگی کو مثبت تبدیلی سے ہمکنار کرنے کیلئے عملی اقدامات کئے۔تحریک انصاف عوام دوست پالیسیوں ، نظام کی شفافیت اور چارسالہ مجموعی کارکردگی کی بدولت نہ صرف صوبے میں دوبارہ حکومت بنا کر تاریخ بدل دے گی بلکہ مرکزی سطح پر بھی حکومت بنائے گی ۔