دشمن جس زبان میں بات کرے گا اسی زبان میں جواب دیں گے, میجر جنرل اظہر نوید حیات

دشمن جس زبان میں بات کرے گا اسی زبان میں جواب دیں گے, میجر جنرل اظہر نوید حیات

سیالکوٹ: ڈائریکٹر جنرل رینجرز پنجاب میجر جنرل اظہر نوید حیات نے کہا ہے کہ دشمن جس زبان میں بات کرے گا اسی زبان میں جواب دیں گے۔اور بھارت کے ساتھ کوئی فلیگ میٹنگ نہیں ہوگی کیونکہ ہم دشمن کی پوسٹوں کو نشانہ بناتے ہیں مگر بزدل دشمن بھارت سول آبادیوں کو نشانہ بناتا ہے۔

سیالکوٹ ورکنگ باؤنڈری لائن کے دیہات کندن پور ، بینی سلہریاں اور چاروہ میں ہونے والے جانی ومالی نقصانات کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا سے بات چیت کے دوران ڈی جی رینجرزپنجاب نے مزید کہا کہ جانی ومالی قربانیاں دینے والی عوام رینجرز اور پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے اور یہ بھارتی فائرنگ وگولہ باری سے نہیں ڈرتی اور رینجرز بھی بھارتی فائرنگ وگولہ باری کا منہ توڑ جواب دے رہے ہے اور اس کی گنیں اور توپوں کو بند کروادیا ہے.

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے سرحدی دیہات کے عوام بڑے حوصلے کے مالک ہیں اور وہ پاکستان رینجر زاور پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور رینجرز ملک کیلئے ہر قسم کی قربانی دینے کیلئے تیار ہے ، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ دشمن سے کوئی فلیگ میٹنگ نہیں ہو گی بلکہ ان کو ان کی زبان میں سمجھایا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ چیف سیکرٹری پنجاب سے بات ہو چکی ہے اور شہداء کے لواحقین کو پانچ پانچ لاکھ روپے بطور معاوضہ کل ادا کردیا جائے گااور زخمیوں کو بھی معاوضہ دیاجائے گا۔

اس موقع پر عوام نے پاک فوج اور رینجر زکے حق میں نعرہ بازی بھی کی۔ ڈی جی پنجاب رینجرز نے کور کمانڈر کے ہمراہ سی ایم ایچ میں زیر علاج زخمیوں کی عیادت بھی کی اور انہیں ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔

مصنف کے بارے میں