مسلم لیگ ن کے رہنما حنیف عباسی کو اڈیالہ سے اٹک جیل منتقل کردیا گیا

مسلم لیگ ن کے رہنما حنیف عباسی کو اڈیالہ سے اٹک جیل منتقل کردیا گیا
کیپشن: فائل فوٹو

راولپنڈی :مسلم لیگ ن کے رہنما اور ایفیڈرین کیس میں سزا کاٹنے والے حنیف عباسی کو اڈیالہ جیل سے اٹک جیل منتقل کر دیا گیا۔

جیل ذرائع کے مطابق حنیف عباسی کو آئی جی جیل خانہ جات کے حکم پر اٹک جیل منتقل کیا گیا۔ حنیف عباسی کی جیل سپرنٹنڈنٹ کے کمرے میں تصویر سامنے آنے پر انکوائری کمیٹی بنائی گئی تھی۔گزشتہ روز حنیف عباسی کی تصویر کے معاملے پر وزیر جیل خانہ جات کے حکم پر 2 رکنی تحقیقاتی کمیٹی قائم کی گئی تھی جس میں ڈی آئی جی جیل فیروز شوکت اور اے آئی جی ملک صفدر نواز شامل تھے۔

کمیٹی نے 72 گھنٹوں میں معاملے کی تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کرنی تھی تاہم تحقیقات انتہائی مستعدی کے ساتھ مکمل کی گئیں اور 24 گھنٹے کے اندر ہی رپورٹ پیش کردی گئی جس میں کی گئی سفارش کی بنا پر حنیف عباسی کو اٹک جیل منتقل کیا گیا ہے۔ جیل حکام کی جانب سے جیل سپرنٹنڈنٹ سعید اللہ اور ڈی آئی جی نوید رﺅف کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی حالانکہ نواز شریف کی رہائی کے موقع پر یہ دونوںبھی موقع پر موجودتھے۔


خیال رہے کہ گزشتہ دنوں اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی احتساب عدالت کی سزا معطل کی تھی جس کے بعد رہائی کے موقع پر (ن) لیگی قائد کی اڈیالہ جیل سے تصویر سامنے آئی تھی جس میں ایفی ڈرین کیس میں سزا پانے حنیف عباسی بھی موجود تھے۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی ایفیڈرین کیس میں عمر قید کی سزا کاٹ رہے ہیں جنہیں عام انتخابات سے چند روز قبل ہی سزا سنائی گئی تھی۔