کراچی، بچی کے اغوا کی کوشش کرنے والا رکشہ ڈرائیور گرفتار

کراچی، بچی کے اغوا کی کوشش کرنے والا رکشہ ڈرائیور گرفتار
کیپشن: اہل علاقہ کی بروقت آمد پر ملزم کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔۔۔۔۔فوٹو/ اسکرین گریب

کراچی: کراچی کے علاقے کورنگی میں ایک بچی کو اغوا کرنے کی کوشش ناکام ہو گئی اور پولیس نے اغوا کار رکشہ ڈرائیور کو گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق کورنگی نمبر 2 سیکٹر 33 ایف کی رہائشی 10 سالہ دعا اپنے گھر سے سامان لینے کے لیے نکلی تھی کہ ایک رکشہ ڈرائیور نے بچی کو ورغلایا اور زبردستی اسے اپنے رکشہ میں بٹھانے کی کوشش کی جس پر بچی نے شور مچا دیا۔ اہل علاقہ کی بروقت آمد پر ملزم کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔

پولیس نے بچی کو اغوا کرنے کی کوشش کرنے والے رکشہ ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔

دوسری جانب زمان ٹاؤن سے بھی پولیس نے ایک کم عمر افغان باشندے کو گرفتار کر لیا جو ایک 3 سالہ بچی کو اغوا کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔