شیخ رشید نے ریلوے ہیڈ کوارٹرز کراچی منتقل کرنے کا اعلان کر دیا

شیخ رشید نے ریلوے ہیڈ کوارٹرز کراچی منتقل کرنے کا اعلان کر دیا
کیپشن: اس وقت ریلوے کا خسارہ 38 ارب روپے ہے جبکہ 25 ارب روپے کا قرض ہے، شیخ رشید۔۔۔۔فائل فوٹو

لاہور: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ریلوے ہیڈ کوارٹرز کو 60 روز میں کراچی منتقل کر رہے ہیں۔ ریلوے کے ریزرویشن آفس رات 12 بجے تک کھلے رہیں گے۔ فریٹ سروس 15 ٹرینوں تک پھیلائیں گے اور 100 دن میں دس ٹرینوں کی تعداد 15 پر لے کر جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ٹرینوں میں وائی فائی کی سہولت جلد مہیا کی جائے گی اور ایم ایل ون سی پیک میں شامل ہے جبکہ ایم ایل 2 کی بھی آفر کرنے جا رہے ہیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ ریلوے میں مال گاڑیوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ کیا جائے گا اور محکمے میں سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے مانیٹرنگ کمیٹی قائم کی ہے۔ ریلوے کے 2 تین بڑے پلاٹ فروخت کرنے کی خواہش ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کی منظوری کے بعد پلاٹ فروخت کریں گے اور اس وقت ریلوے کا خسارہ 38ارب روپے ہے جبکہ 25 ارب روپے کا قرض ہے۔

وزیر ریلوے نے یہ بھی کہا کہ وزیر اعظم سے درخواست کی ہے کہ ریلوے ملازمین کی تنخواہیں بڑھائی جائیں اور 1905ء کے ریکارڈ پر بڑے بڑے مگر مچھوں نے قبضہ کیا ہوا ہے۔ ایک لاکھ 37 ہزار سے ایک لاکھ 19 ہزار پنشنرز پر آ گئے ہیں۔