سپریم کورٹ میں آئندہ ہفتے 7بڑے کیسز سماعت کیلیے مقرر

سپریم کورٹ میں آئندہ ہفتے 7بڑے کیسز سماعت کیلیے مقرر

اسلام آباد:سپریم کورٹ میں پیر سے شروع ہونے والے ہفتے میں جعلی اکاونٹس،این آر او اور اصغر خان عملدرآمد سمیت سات بڑے کیسز کی سماعت ہوگی-

 
تفصیلا ت کے مطابق سپریم کورٹ میں پیر سے شروع ہونے والے ہفتے میں جعلی اکاونٹس،این آر او اور اصغر خان عملدرآمد سمیت سات بڑے کیسز کی سماعت ہوگی۔نیب پراسیکیوٹر،ڈی جی ایف آئی اے اور اٹارنی جنرل سمیت  متعلقہ فریقین کو نوٹسز جاری کر دیئے گئے ہیں۔

آئندہ ہفتے سپریم کورٹ میں بڑے بڑے کیسز سماعت کیلئے مقررکردئے گئے ہیں۔ تین اہم کیسز کی سماعت 24 ستمبر، تین کی 25 ستمبر اور ایک کی 26 ستمبر کو سماعت ہوگی۔سپریم کورٹ میں پیر سے شروع ہونے والا ہفتہ اہم ہوگا۔ وزیراعظم عمران خان کی نااہلی کیلئے دائر درخواست کی سماعت 24 ستمبر کوہوگی۔یہ درخواست نون لیگی رہنما دانیال چوہدری نے دائر کر رکھی ہے۔

اصغرخان عملدرآمد کیس کی سماعت 25 ستمبر ہوگی۔ ڈی جی ایف آئی اے اور اٹارنی جنرل سمیت دیگرفریقین کو نوٹس جاری کردئیے گئے ہیں۔عدالت نے ایف آئی آئی اے سے پیش رفت رپورٹ بھی طلب کرلی ہے۔

25 ستمبر کو ہی پاناما ریفرنسز کی دوسری احتساب عدالت منتقلی کے خلاف چئیرمین نیب کی اپیل پر سماعت ہوگی ۔ عدالت نے پراسیکیوٹرجنرل نیب کو نوٹس جاری کر دیا ہے۔

این آر او کیس اور اثاثوں کی تفصیلات طلبی کے خلاف آصف زرداری کی نظرثانی درخواست پر سماعت بھی منگل کوہی ہوگی۔عدالت نے  سابق صدر آصف زرداری اورپرویزمشرف سے بیوی بچوں سمیت دوہزارسات اور موجودہ اثاثوں کی تفصیلات طلب کی تھیں۔

اس کے علاوہ اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل بھی سپریم کورٹ پہنچ گیا ہے،سزا کے خلاف کرکٹر خالد لطیف کی اپیل پر سماعت چھبیس ستمبر کو ہوگی