مریم نواز کا کل اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش ہونے کا فیصلہ

مریم نواز کا کل اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش ہونے کا فیصلہ
کیپشن: مریم نواز اور ان کے شوہر نے ایون فیلڈ کیس میں سزا کے خلاف اپیل دائر کر رکھی ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔فوٹو/ سوشل میڈیا

لاہور: سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی اور مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کل اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش ہونے کا فیصلہ کر لیا۔  مریم نواز کل ایون فیلڈ کیس میں اپیل کی سماعت کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش ہوں گی۔

مریم نواز اور ان کے شوہر نے ایون فیلڈ اپارٹمنٹس کیس میں سزا کے خلاف اپیل دائر کر رکھی ہے۔

احتساب عدالت نے 6 جولائی 2018 کو ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف کو 10 سال قید اور جرمانے، مریم نواز کو7 سال قید اور جرمانے اور کیپٹن (ر) صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی تھی جس کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے گزشتہ سال 19 ستمبر 2018 کو ایون فیلڈ ریفرنس میں احتساب عدالت کی جانب سے نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کو سنائی گئی سزا معطل کرتے ہوئے تینوں کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔

نواز شریف نے بھی ایون فیلڈ کیس میں سزا کے خلاف اپیل دائر کر رکھی ہے تاہم عدالت نے ان کی درخواست علیحدہ کر دی ہے اور العزیزیہ ریفرنس میں ضمانت ختم ہونے اور عدالت میں پیش نہ ہونے پر ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے جا چکے ہیں۔