طالبان نے ٹرک سے پاکستانی جھنڈا اتارنے والے افراد کو گرفتار کر لیا  

Afghan Taliban arrest officials who removed Pakistan's flag from aid truck
کیپشن: فائل فوٹو

طورخم: طالبان نے امدادی سامان لانے والے ٹرک سے پاکستانی جھنڈا اتارنے والے افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ طالبان قیادت اس واقعے کے بعد سے شدید ناراض تھی۔

اس واقعے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے اسے بدترین واقعہ قرار دیا اور بتایا کہ اس میں ملوث تمام افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے، انھیں اس پر قرار واقعی سزا دی جائے گی۔

ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا تھا کہ اس واقعے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، طالبان بھرپور کوشش کریں گے کہ اس طرح کا واقعہ دوبارہ کبھی نہ پیش آئے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں طورخم سرحد پر ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا تھا جہاں امدادی سامان لے جانے والے ٹرک پر لگے پاکستانی جھنڈے کو کچھ طالبان اہلکاروں نے غصے میں اتار دیا تھا۔

طالبان سے منسلک ان افراد کے اس رویے پر بہت زیادہ تنقید کی گئی تھی۔ اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر آتے ہی وائرل ہو گئی تھی۔

افغان طالبان کے ترجما ذبیح اللہ مجاہد نے واقعے پر شدید ناراضی ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں اور ہماری پوری قیادت کو اس پر شدید غصہ ہے، جو بھی لوگ اس میں ملوث ہوئے انھیں گرفتار کرکے کڑی سے کڑی سزا دی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان عوام کیلئے یہ امدادی ٹرک پاک افغان کارپوریشن فورم کی جانب سے بھیجے گئے تھے۔ اس حوالے سے طورخم سرحد پر تقریب کا اہتمام بھی کیا گیا تھا۔ جس میں دونوں ملکوں کے قبائلی عمائدین بھی شریک ہوئے۔