ہتک عزت کا دعوی، عدالت نے وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کو طلب کر لیا

 ہتک عزت کا دعوی، عدالت نے وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کو طلب کر لیا
کیپشن: ہتک عزت کا دعوی، عدالت نے وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کو طلب کر لیا
سورس: فائل فوٹو

لاہور: قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف و پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کے وزیراعظم عمران خان کے خلاف ہتک عزت کے دعوے پر سماعت لاہور کی ایڈیشنل سیشن کورٹ میں ہوئی۔

لاہور کے ایڈیشنل سیشن جج نے عمران خان کے خلاف شہباز شریف کے ہتک عزت کے دعوے کی سماعت کے بعد تحریری حکم جاری کردیا۔

عدالتی حکم میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کے وکلا نے کیس کے قابل سماعت ہونے سے متعلق درخواست واپس لے لیں  جب کہ عدالت نے شہباز شریف کی جانب سے دائر تمام متفرق درخواستیں بھی نمٹا دیں۔

عدالت نے کہا ہےکہ کیس کو جلد منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے آئندہ چھوٹی تاریخیں دی جائیں گی جب کہ کارروائی کے لیے شہباز شریف اور عمران خان 6 اکتوبر کو وکلا کے ہمراہ پیش ہوں۔

عدالتی حکم کے مطابق کیس کی مزید کارروائی 6 اکتوبر کے لیے ملتوی کر دی گئی ہے۔

خیال رہے کہ شہبازشریف نے ہتک عزت کے دعوے میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ عمران خان نے پانامالیکس پر چپ رہنے کے لیے رقم آفر کرنے کا بے بنیاد الزام لگایا، عمران خان کے الزام سے میری ساکھ متاثر ہوئی۔