توہین عدالت کیس، عمران خان پر آج فرد جرم عائد ہو گی 

توہین عدالت کیس، عمران خان پر آج فرد جرم عائد ہو گی 

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف خاتون جج کو دھمکیاں دینے پر توہین عدالت کیس کی سماعت آج ڈھائی بجے ہو گی اور عمران خان پر فرد جرم عائد کی جائے گی۔ 

تفصیلات کے مطابق عمران خان کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کا پانچ رکنی لارجر بنچ کرے گا جس دوران پی ٹی آئی چیئرمین پر فرد جرم عائد کی جائے گی۔ 

عدالت نے عمران خان کو شوکاز نوٹس کا جواب جمع کرانے کے دو مواقع فراہم کئے تھے تاہم دونوں جواب غیر تسلی بخش قرار دئیے گئے جبکہ گزشتہ سماعت پر فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ 

واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ کے رجسٹرار نے عمران خان کی توہین عدالت کیس میں عدالت پیشی سے متعلق ضابطہ اخلاق کا سرکلر بھی جاری کیا تھا جس کے مطابق کمرہ عدالت نمبر ایک میں داخلہ رجسٹرار آفس کے جاری کردہ پاس سے مشروط ہو گا۔ 

سرکلر میں بتایا گیا تھا کہ عمران خان کی لیگل ٹیم کے 15 وکلا کمرہ عدالت میں موجود ہو سکیں گے جبکہ اٹارنی جنرل آفس اور ایڈووکیٹ جنرل آفس سے 15 لاءافسران کے علاوہ 3 عدالتی معاونین کو کمرہ عدالت جانے کی اجازت ہو گی اور 15 کورٹ رپورٹرز کو کمرہ عدالت میں موجودگی کی اجازت بھی دی گئی ہے۔

مصنف کے بارے میں