پی ٹی آئی کی 16 اکتوبر کو 8 حلقوں میں شیڈول الیکشن ملتوی کرنے کی درخواست

پی ٹی آئی کی 16 اکتوبر کو 8 حلقوں میں شیڈول الیکشن ملتوی کرنے کی درخواست

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے 16 اکتوبر کو آٹھ حلقوں میں شیڈول الیکشن ملتوی کرنے کی متفرق درخواست سپریم کورٹ میں دائر کر دی گئی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 123 ارکان قومی اسمبلی کے استعفوں کی منظوری کے کیس میں فیصل چوہدری نے متفرق درخواست دائر کی ہے جس میں سپریم کورٹ آف پاکستان سے 16 اکتوبر کو 8 حلقوں میں شیڈول الیکشن معطل کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔ 
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ تحریک انصاف کے 123 ارکان قومی اسمبلی کے استعفوں سے متعلق اپیل عدالت عظمیٰ میں زیر التواءہے جس پر فیصلہ ہونے تک الیکشن شیڈول معطل کیا جائے۔ 
واضح رہے کہ پی ٹی آئی نے اپنے ارکان قومی اسمبلی کے استعفوں کی مرحلہ وار منظوری کے عمل اور ہائیکورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ آف پاکستان میں چیلنج کر رکھا ہے۔ 
درخواست میں اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دینے اور سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی جانب سے استعفوں کی مرحلہ وار منظوری کو غیر قانونی اور غیر آئینی قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔ 
درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ پی ٹی آئی نے عوام سے تازہ مینڈیٹ لینے کیلئے قومی اسمبلی سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا اور سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے اسمبلی فلور پر 125 ارکان کے استعفے منظور کرنے کا اعلان کیا۔ 
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے استعفے منظور کر کے اصول و ضوابط کی خلاف ورزی کی ہے لہٰذا عدالت سے استدعا ہے کہ استعفوں کی مرحلہ وار منظوری کو غیر قانونی اور غیر آئینی قرار دیا جائے۔ 

مصنف کے بارے میں