قومی اسمبلی میں واپس جانے کا مشورہ مناسب ہے: فیصل جاوید خان

قومی اسمبلی میں واپس جانے کا مشورہ مناسب ہے: فیصل جاوید خان

اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے رہنماءفیصل جاوید نے سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے پی ٹی آئی کو قومی اسمبلی میں واپس جانے کا مشورہ مناسب قرار دیدیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل جاوید خان نے کہا کہ عمران خان عدلیہ کا احترام کرتے ہیں اور انہوں نے ہمیشہ قانون کا احترام کرنے کی بات کی ہے۔
فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ عمران خان ملک کیلئے سوچ رہے ہیں اور ان کے بیرون ملک اثاثے نہیں ہیں جبکہ تمام تر مسائل کا حل ہی الیکشن ہے کیونکہ عوام نے اپنا فیصلہ سنا دیا ہے۔
فیصل جاوید نے مزید کہا کہ اس سے پہلے عمران خان نے قانون کی پاسداری کیلئے الیکشن کا بائیکاٹ کیا تھا، میرا خیال ہے کہ قومی اسمبلی میں واپس جانے والا مشورہ مناسب ہے۔

واضح ہے کہ سپریم کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی قومی اسمبلی سے مرحلہ وار استعفوں کی منظوری کے خلاف درخواست کی سماعت کے دوران ایک بار پھر پی ٹی آئی کو پارلیمان میں واپسی کا مشورہ دیتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دی ۔ 
جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطاءبندیال کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے پی ٹی آئی کی درخواست کی سماعت کی جس دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ عوام نے آپ کو 5 سال کیلئے منتخب کیا، پی ٹی آئی پارلیمنٹ میں اپنا کردار ادا کرے۔
چیف جسٹس نے کہا کہ کروڑوں افراد اس وقت سیلاب سے بے گھر ہو چکے ہیں، ملک کی معاشی حالت بھی دیکھیں، پی ٹی آئی کو اندازہ ہے کہ 123 نشستوں پر ضمنی انتخابات کے کیا اخراجات ہوں گے؟
چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے گہرائی سے قانون کا جائزہ لے کر فیصلہ دیا، سپیکر کے کام میں اس قسم کی مداخلت عدالت کیلئے کافی مشکل کام ہے۔
عدالت نے قرار دیا کہ سپیکر کے مرحلہ وار استعفے منظور کرنے کی قانونی حیثیت ہے، بظاہر سپیکر کے اختیار میں مداخلت سے آرٹیکل 69 متاثر ہو سکتا ہے، عدالت کو مطمئن کریں کہ ہائیکورٹ کے حکم میں کیا کمی ہے۔
دوسری جانب پی ٹی آئی رہنماءاور سابق وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ سپریم کورٹ کو اندازہ نہیں کہ رجیم چینج آپریشن کے نتیجے میں صرف کرنسی کی مد میں اربوں ڈالر کا نقصان ہو چکا ہے۔ 
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں فواد چوہدری نے لکھا ’سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کو اندازہ ہے کہ 123 ضمنی انتخابات پر کتنے اخراجات ہوں گے؟ سپریم کورٹ کو اندازہ نہیں کہ رجیم چینج آپریشن کے نتیجے میں صرف کرنسی کے ضمن میں پاکستان کو اب تک 5 ارب ڈالر کا نقصان ہو چکا ہے، انتخابات نہ ہونے کا نقصان انتخابات نہ کرنے سے کہیں بڑا ہے۔‘ 

e1e6ae68b201855f71bff217038d7985

مصنف کے بارے میں