سعودی شاہ کے نئے فرامین، کابینہ میں رد وبدل، نئے وزراءکا تقرر

سعودی شاہ کے نئے فرامین، کابینہ میں رد وبدل، نئے وزراءکا تقرر

الریاض :سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے بعض نئے فرامین جاری کیے ہیں۔ان کے تحت کابینہ میں ردو بدل کیا گیا ہے اور بعض داخلی پالیسیوں کا اعلان کیا گیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق ان میں ایک فرمان کے تحت یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف آپریشن فیصلہ کن طوفان میں حصہ لینے والے فوجیوں کو دو ماہ کی تن خواہیں ادا کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

شاہ سلمان نے ایک اور فرمان کے تحت سعودی عرب میں تمام سطحوں کے طلبہ کے امتحان رمضان المبارک کے آغاز سے قبل لینے کا حکم دیا ہے۔شاہ سلمان نے نئے فرامین کے ذریعے کابینہ میں رد وبدل اور بعض عہدوں پر نئے تقرر کا بھی اعلان کیا ہے۔ شہزادہ خالد بن سلمان کو امریکا میں سعودی عرب کا سفیر مقرر کیا گیا ہے جبکہ شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان کو توانائی سے متعلق امور کا وزیر مملکت اور شہزادہ فہد بن ترکی کو سعودی عرب کی برّی فوج کا کمانڈر مقرر کیا گیا ہے۔

سعودی فرمانروا نے وزیر اطلاعات اور ثقافت ڈاکٹر عادل الطریفی کو ان کے عہدے سے سبکدوش کر دیا ہے اور ان کی جگہ ڈاکٹر عواد العواد کو وزارت اطلاعات اور ثقافت کا قلم دان سونپا ہے۔نئے شاہی فرامین کے مطابق سعودی عرب کی اسپورٹس اتھارٹی کے سربراہ شہزادہ عبداللہ بن مسعد کو ان کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے اور ان کی جگہ محمد عبدالمالک الشیخ کو اتھارٹی کا نیا سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔ سعودی وزیر مملکت برائے سول سروس خالد العرج کو ان کے عہدے سے برطرف کردیا گیا ہے اور ان کے خلاف تحقیقات کی ہدایت کی گئی ہے۔

ان کی جگہ عصام بن سعد بن سعید وزیر مملکت برائے سول سروس ہوں گے۔شاہی فرمان کے تحت ناصر الداود کو شاہی دیوان کا مشیر مقرر کیا گیا ہے۔ نیز ابراہیم العمر کو سرمایہ کاری کونسل کا گورنر مقرر کیا گیا ہے، ان کا عہدہ وزیر کے برابر ہو گا۔ادھر شہزادہ سلمان یونیورسٹی کے ڈائریکٹر عبدالرحمن العاصمی کو بھی ان کے منصب سے الگ کر دیا گیا ہے۔سعودی فرمانروا کے جاری کئے جانے والے فرامین کے مطابق فیصل بن خالد بن سلطان کو شمالی علاقے کا گورنر جبکہ عبدالعزیز بن سعد کو گورنر حائل، عبداللہ بن بندر بن عبدالعزیز کو نائب گورنر مکہ اور حسام بن سعودی کو گورنر الباحہ مقرر کیا گیا ہے۔ترکی بند ھذلول بن عبدالعزیز آل سعود کو نجران کا نائب گورنر مقرر کیا گیا ہے جبکہ فھد بن ترکی بن فیصل بن ترکی القصیم کے نائب گورنر ہوں گے اور احمد بن فھد بن سلمان مشرقی ریجن کے نائب گورنر بنائے گئے ہیں۔ فرمان کے مطابق محمد عبد الرحمان بن عبدالعزیز الریاض ریجن کے نائب گورنر ہوں گے۔