ہزاروں افغان طالبان جنگجوجرمنی میں پناہ کے متلاشی ہیں،جرمن جریدہ

ہزاروں افغان طالبان جنگجوجرمنی میں پناہ کے متلاشی ہیں،جرمن جریدہ

برلن:پناہ کی تلاش میں جرمنی کا رخ کرنے والے افغان تارکین وطن میں سے ہزاروں نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ افغانستان میں بطور جنگجو طالبان کے ساتھ شامل رہے ہیں۔ جرمن ادارے اب تک ایسے ستر سے زائد مہاجرین کی تصدیق کر چکے ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق جرمن سکیورٹی ایجنسیوں اور جرمنی کے وفاقی دفتر برائے مہاجرت و ترک وطن (بی اے ایم ایف) کو ایک نئی صورت حال کا سامنا ہے۔
جرمنی کا وفاقی دفتر استغاثہ پہلے ہی ایسے ستر سے زائد افراد کی نشاندہی اور تصدیق کر چکا ہے جو افغانستان میں طالبان کا حصہ رہے ہیں۔ علاوہ ازیں جرمنی میں ایسے چھ افغان شہریوں سے تفتیش کی جا رہی ہے جو مبینہ طور پر طالبان کے جنگجو ہیں۔ آئندہ دنوں میں جرمن دارالحکومت برلن اور کوبلنز شہر کی عدالتوں میں دو افغان تارکین وطن کے خلاف مقدمہ بھی شروع کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب جرمن ادارے یہ جاننے کی کوشش بھی کر رہے ہیں کہ ہزاروں افغان مہاجرین خود ہی طالبان کا رکن ہونے کا دعویٰ کیوں کر رہے ہیں۔ یہ واضح نہیں ہے کہ ایسے دعوے کرنے والے واقعی ماضی میں طالبان کے جنگجو رہے ہیں۔