پاکستانی کرکٹ ٹیم دسمبر میں جنوبی افریقا کا دورہ کرے گی

پاکستانی کرکٹ ٹیم دسمبر میں جنوبی افریقا کا دورہ کرے گی
کیپشن: فوٹو بشکریہ فیس بک

پاکستان کرکٹ ٹیم رواں برس دسمبر میں جنوبی افریقا کا دورہ کرے گی جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ، 5 ایک روزہ میچ اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جائیں گے۔


کرکٹ جنوبی افریقا نے 30 ستمبر 2018 سے 24 مارچ 2019 تک پاکستان، سری لنکا اور زمبابوے کے ساتھ اپنی ہوم سیزیز کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔ سیزن کے دوران جنوبی افریقا 5 ٹیسٹ، 13 ون ڈے اور 9 ٹوئنٹی میچوں کی میزبانی کرے گا۔

جنوبی افریقا کے سیزن کا آغاز زمبابوے کے خلاف تین ون ڈے میچوں کی سیریز سے ہو گااور دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جائیں گے۔زمبابوے کے بعد دسمبر سے فروری تک پاکستانی ٹیم جنوبی افریقا کا دورہ کرے گی۔

پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان تین ٹیسٹ میچز، 5 ون ڈے اور تین ٹوئنٹی میچز کھیلے جائیں گے۔پاکستان کے دورہ جنوبی افریقا کا آغاز 19 دسمبر 2018 سے ساؤتھ افریقا انویٹیشن الیون کے خلاف تین روزہ میچ سے ہو گا۔دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ 26 دسمبر سے سنچورین میں کھیلا جائے گا۔

ٹیسٹ سیریز:
پاکستان،جنوبی افریقا کے درمیان دوسرے ٹیسٹ کی میزبانی کیپ ٹاؤن کرے گا جب کہ تیسرا اور آخری ٹیسٹ 11 جنوری سے جوہانسبرگ میں شروع ہو گا۔

ون ڈے سیریز:
پاکستان ، جنوبی افریقا کے درمیان ایک روزہ سیریز کا آغاز 19 جنوری کو پورٹ الزبتھ سے ہو گا، دوسرا ایک روزہ میچ 22 جنوری کو ڈربن، تیسرا 25 جنوری کو سنچورین، چوتھا 27 جنوری کو جوہانسبرگ اور سیریز کا آخری میچ 30 جنوری کو کیپ ٹاؤن میں ہو گا۔

ٹی ٹوئنٹی سیریز:
دونوں ٹیموں کے درمیان ٹی ٹوئنٹئی سیریز کا پہلا میچ 1فروری کو کیپ ٹاؤن، دوسرا 3 فروری کو جوہانسبرگ اور تیسرا میچ 6 فروری کو سنچورین میں کھیلا جائے گا۔پاکستانی ٹیم کے دورہ جنوبی افریقا کے بعد سری لنکن ٹیم جنوبی افریقا کا دورہ کرے گی اور دونوں ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ، 5 ون ڈے اور تین ٹوئنٹی میچز کھیلے جائیں گے۔